0
Friday 14 Feb 2014 18:21

ڈی آئی خان، چنگ چی رکشہ کی بندش کیخلاف احتجاجی ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج

ڈی آئی خان، چنگ چی رکشہ کی بندش کیخلاف احتجاجی ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں انتظامیہ نے تقریباً ایک ماہ قبل چنگ چی رکشہ کی سواری کو خلاف قانون قرار دیکر بندش عائد کر دی تھی۔ بیس روز قبل پولیس نے اس سواری کے خاتمے کی مہم شروع کر کے تقریباً چار سو چنگ چی رکشہ کو پولیس لائن میں بند کردیا۔ ڈرائیوروں کے مطابق مذکورہ چنگ چی رکشوں میں سے پولیس اہلکار پرزہ جات اور بیٹریاں بھی نکال چکے ہیں۔ انتظامیہ کے اس عمل کے خلاف پاک ڈیرہ چنگ چی رکشہ یونین اور نیشنل لیبر فیڈریشن کے زیراہتمام عقیل ڈمرہ اور سمیع اللہ خان کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی ٹریفک چوک سے شروع ہوئی اور ڈاکٹر قدیر خان چوک پر پہنچ کے احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق ریلی کے شرکاء پر امن احتجاج کر رہے تھے اور انتظامیہ کے اس کالے قانون کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عقیل ڈمرہ نے کہا کہ سینکڑوں غریب لوگوں کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں، لیکن انتظامیہ کو احساس تک نہیں۔ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے دور میں نیشنل بینک کے ذریعے روزگار سکیم کے تحت یہ چنگ چی رکشے لوگوں کو فراہم کئے گئے۔ آج انتظامیہ انہی کو خلاف قانون قرار دے رہی ہے، جو کہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ اگر ہماری روزی چھیننے کی کوشش کی گئی اور ان چنگ چی رکشوں کو نہ چھوڑا گیا تو ہم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کر دینگے۔ عقیل ڈمرہ کے خطاب کے دوران ہی ڈی ایس پی بہاول خان پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ اچانک نمودار ہوئے اور مظاہرین پر لاٹھی چارج کردیا۔ لاٹھی چارج میں کئی مزدور رکشہ ڈرائیور زخمی ہوئے جبکہ پولیس نے عقیل ڈمرہ سمیت ڈیڑھ سو چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں بند کردیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 351620
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش