0
Sunday 2 Mar 2014 11:32

بلوچستان میں ایف سی کا سرچ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 15 شرپسند ہلاک

بلوچستان میں ایف سی کا سرچ آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 15 شرپسند ہلاک

اسلام ٹائمز۔ فرنٹیئرکور بلوچستان نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر سوئی کے نواحی علاقے درینجن نالہ اور رستم بازار میں گیس پائپ لائنوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کے گروہ کیخلاف سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غاروں میں چھپے ہوئے شرپسندوں نے ایف سی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائر کھول دیا۔ دونوں جانب سے جاری طویل شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15 شرپسند ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونیوالے شرپسندوں کے قبضے سے 35 عدد آئی ای ڈیز، 130 کلو گرام بارودی مواد، 3 عدد اینٹی ٹینک مائنز، 6 عدد ریموٹ آئی ای ڈی، 4 عدد اینٹی پرسنل مائنز، 55 عدد ڈیٹونیٹرز، 13 عدد آئی ای ڈیز انٹینا، 400 عدد بال بیرنگ اور 3 عدد موٹر سائیکل شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران ایف سی اہلکاروں نے شرپسندوں کے 8 فراری کیمپ بھی مسمار کر دیئے۔ واضح رہے کہ ہلاک ہونے والے شرپسند دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھے۔ جس میں گیس پائپ لائن، ریلوے ٹریک، بجلی ٹاورز اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، معصوم شہری اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنا شامل ہے۔ جس میں سے صرف رواں ماہ ڈیرہ بگٹی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گیس پائپ لائنوں کو اڑانے کیلئے 15حملے ہو چکے ہیں۔

ایک دوسری کارروائی میں فرنٹیئر کور بلوچستان نے کوئٹہ کے علاقے سریاب کلی فیض آباد میں خفیہ اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر 1 عدد تیار شدہ آئی ای ڈی برآمد کرلی۔ برآمد کیا جانیوالا آئی ای ڈی معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کیا جانا تھا لیکن ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا کر شہر کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے فرنٹئیرکور کے اہلکاروں کی کامیاب اور بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اُنہیں مزید مستعد اور چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فرنٹیئر کور بلوچستان شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گی اور سرکاری املاک کے دفاع کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہیں رکھے گی تاکہ پورے صوبے کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

خبر کا کوڈ : 357055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش