0
Sunday 2 Mar 2014 12:15

جمشید دستی کے انکشافات سے حکمرانوں کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آگیا، ایس ایم ضمیر

جمشید دستی کے انکشافات سے حکمرانوں کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آگیا، ایس ایم ضمیر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ جمشید دستی کے انکشافات سے حکمرانوں کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آگیا، پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کے کرپٹ نظام انتخابات سے متعلق خدشات درست ثابت ہوئے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن کے قبل کہا تھا کہ اسمبلی کے امیدواروں کو آئین کے 62/63 کے مطابق پرکھا جائے، اگر اس وقت محض رسمی سوالات پر اکتفا نہ کیا جاتا تو آج قوم کو مدہوش پارلیمنٹ کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کا قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی حرکات کے بارے میں بیان اور بعد میں میڈیا کے سامنے شراب کی بوتلوں کی برآمدگی اس بات کا ثبوت ہے کہ مملکت اسلامیہ کے آئین پاکستان کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ اگر افتخار چوہدری، ڈاکٹر طاہرالقادری کی آئینی پٹیشن کو میرٹ پر دیکھتے تو قوم کو فخرو بھائی کی قائم کردہ حکومت کے ایسے کردار کے اراکین اسمبلی نظر نہ آتے جو کردار سے عاری ہیں اور پوری قوم کے وسائل پر قابض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 56 فیصد سے زائد اراکین اسمبلی نادہندگان ہیں جبکہ 15 فیصد کے پاس این ٹی این نمبر تک نہیں، اس لئے اس پارلیمنٹ سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔ ایس ایم ضمیر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک نے پوری قوم کا مؤقف پیش کر دیا ہے کہ جب تک نظام انتخاب شفاف نہیں ہوگا، تب تک محض چہرے تبدیل ہوں گے نظام نہیں۔
خبر کا کوڈ : 357092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش