0
Thursday 6 Mar 2014 01:03

طالبان جنگ بندی کے باوجود بے گناہ شہریوں کو خاک اور خون میں نہلا رہے ہیں، الطاف حسین

طالبان جنگ بندی کے باوجود بے گناہ شہریوں کو خاک اور خون میں نہلا رہے ہیں، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دہشت گردوں کی جانب سے ہنگو میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد سیکورٹی اہلکاروں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سفاک دہشت گرد کھلی بربریت اور دہشت گردی پر اترے ہوئے ہیں اور ان دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائیاں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں تسلسل کے ساتھ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات اور ان واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کی شہادتیں موجودہ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ تحقیقات کرائے کہ ان سفاکانہ کارروائیوں میں کہیں طالبان دہشت گرد ہی تو ملوث نہیں جو جنگ بندی کے اعلان کے باوجود اپنے گھناؤنے مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں کو خاک اور خون میں نہلا رہے ہیں۔

الطاف حسین نے صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ ہنگو میں سیکورٹی فورسز کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، دہشت گردی کے خاتمے، سیکورٹی فورسز، سرکاری تنصیبات اور عوام کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ الطاف حسین نے دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 358464
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش