0
Friday 7 Mar 2014 23:37

تھرپارکر میں قحط سے بچوں کی ہلاکت نے پیپلز پارٹی کی گڈگورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، علامہ ناصر عباس

تھرپارکر میں قحط سے بچوں کی ہلاکت نے پیپلز پارٹی کی گڈگورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کی تھرپارکر میں بھوک اور پیاس کے سبب پیدا ہونے والے انسانی بحران پر خاموشی افسوس ناک ہے، 120 سے زائد بچوں کی قحط سالی سے موت حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ناکامی کا اعتراف کرنا ہی کافی نہیں ہے، عوام کو اس انسانی بحران اور مسائل سے باہر نکالنے کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں، سندھ فیسٹیول کے نام پر عوام کے اربوں روپوں کو برباد کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے تھر پارکر میں قحط سالی سے معصوم بچوں کی اموات پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ناکام پالیسیوں کی بدولت آج سندھ حکومت ہر شعبے میں ناکام نظر آرہی ہے، وافر مقدار میں گندم کی موجودگی اور تھر میں قحط سالی سے انسانی جانوں کے نا قابل تلافی نقصان پر ذمہ داران کیخلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں کڑی سزا دی جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ عوام بھوک و پیاس سے مر رہے ہیں اور حکمران فیسٹیول منانے میں مصروف ہیں، بلاول بھٹو اور آصف زرداری اس واقعے کا جلد از جلد نوٹس لیں، کراچی میں بے گناہوں کا قتل عام جاری ہے اور ٹارگٹ کلنگ روکنے میں حکومت بری طرح ناکام ہوئی ہے، عوام کی جان مال کی تحفظ نہ کر سکنے والوں کو عوام پر حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین کے ذیلی فلاحی ادارے خیرالعمل فاونڈیشن کو ہدایات جاری کردی ہے کہ وہ فوری طور پر تھرپارکر کا دورہ کرکے متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔
خبر کا کوڈ : 359220
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش