0
Saturday 15 Mar 2014 03:08

بے گناہ عوام کو دہشت گردوں کے جنونی عزائم کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، سنی اتحاد کونسل

بے گناہ عوام کو دہشت گردوں کے جنونی عزائم کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے، سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماؤں صاحبزادہ حامد رضا، علامہ محمد شریف رضوی، طارق محبوب صدیقی، سیّد جوادالحسن کاظمی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، مفتی محمد سعید رضوی اور صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور پشاور کے تازہ بم دھماکے قابل مذمت ہیں۔ پشاور اور کوئٹہ کے تازہ دھماکوں سے طالبان کے جنگ بندی کے ڈرامے کی حقیقت کھل گئی ہے۔ اب مذاکرات کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ مذاکراتی عمل کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے۔ تازہ دھماکوں میں بے گناہ لوگوں کی ہلاکتیں قابل افسوس ہیں۔ دھماکوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے۔ بے گناہ عوام کو دہشت گردوں کے جنونی عزائم کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ حکمران مذاکرات کے کھیل سے عوام کی جانوں اور ملک کی سلامتی سے کھیل رہے ہیں۔ ہزاروں لوگوں کو مارنے اور اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنے والوں سے مذاکرات خلاف شریعت اور خلاف آئین ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کی مذاکراتی پالیسی سے سکیورٹی ادارے بد دل ہو چکے ہیں۔ دس لاکھ فوج والی ریاست کا چند ہزار دہشت گردوں کے سامنے جھک جانا المیہ ہے۔ سیز فائر کے باوجود شدت پسندوں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ طالبان کا ٹریک ریکارڈ خراب ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ امن معاہدے توڑے ہیں۔ وزیراعظم کی خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر امن کی خواہش بجا مگر اس کا اظہار فریق ثانی کی طرف سے نہیں ہو رہا۔ سرکاری افسروں کو ریاست کے باغیوں اور مجرموں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بٹھانے کا عمل خلاف آئین ہے۔ راہنماؤں نے کہا ہے کہ علماء و مشائخ اہلسنّت کوئٹہ اور پشاور کے دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 361859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش