0
Wednesday 19 Mar 2014 17:37

ڈی آئی خان، چھ سال بعد جشن بہاراں کا انعقاد

ڈی آئی خان، چھ سال بعد جشن بہاراں کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کنٹونمنٹ بورڈ میں چھ سال بعد ’’جشن بہاراں 2014‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کینٹ بورڈ کے صدر و سٹیشن کمانڈر ڈیرہ بریگیڈئیر شہزاد احمد قیصرکی خصوصی ہدایت اور نگرانی میں عاطف شہید پارک میں ’’سالانہ جشن بہاراں‘‘ کی خصوصی تقریب منعقدکی گئی۔ جسمیں کمانڈنٹ ڈی ایس جی سنٹر بریگیڈئیر سعادت سعید بھٹہ، کینٹ ایگزیکٹو آفیسر منصور عالم وزیر، کمشنر ڈیرہ مشتاق جدون، ڈپٹی کمشر ڈیرہ وقار علی خان سمیت اعلیٰ فوجی و سول افسران، تاجران، کینٹ ایریا کے باسیوں، سکولوں کے طلبہ اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر عاطف شہید پارک کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا۔ متعدد اداروں کی جانب سے خوبصورت پھولوں کے سٹال لگائے گئے جس میں شرکاء نے دلچسپی لی۔ اس موقع پر ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا تھا۔ پولو گراؤنڈ سے شروع ہو کر عاطف شہید پارک میں اختتام پذیر ہو نے والی واک میں اے کیو عاطف انور ڈار سمیت سکولوں کے طلبہ، کینٹ کے باسیوں اور میڈیاکے نمائندے شریک تھے۔ شرکاء نے درخت لگاؤ، ملک سنوارو، درخت لگائیں بخت جگائیں، کے نعروں پر مشتمل کتبے اٹھا رکھے تھے۔ واک کے شرکاء نے دریائے سندھ کے کنارے شامی روڈ پر مختلف اقسام کے پودے لگائے۔ جشن بہاراں کی افتتاحی تقریب میں نابینا بچوں کے سکول کے دو طلباء شفیع اللہ نعیمی اور نعمان نعیمی نے ملی نغمے پیش کئے۔ کٹ فلاور شو کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ جشن بہاراں کے دوران کینٹ ایریا، دفاتر، پارک، بنگلہ جات میں پھول لگانے والوں کے مقابلہ میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر بریگیڈئیر شہزاد احمدقیصر نے بریگیڈئیر سعادت سعید بھٹہ کو سوینئر پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئیر سعادت بھٹہ کمانڈنٹ ڈی ایس جی نے کہا کہ جشن بہاراں کے انعقاد پر صدر کینٹ بورڈ سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شہزاد احمد قیصر، کینٹ ایگزیکٹو آفیسر منصور عالم وزیر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پھولوں سے کینٹ کے علاقہ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔ اس سے ڈیرہ اسماعیل خان خوبصورت نظر آئیگا اور اسکے اثرات ڈیرہ کے باسیوں پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔ کینٹ بورڈ کی جانب سے اس ضمن میں خصوصی مہم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت سے انسانی صحت اور سوچ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کینٹ ایگزیکٹو آفیسر منصور عالم وزیر نے کہا کہ ڈیرہ کینٹ کی خوبصورتی اور کینٹ کے باسیوں کو سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ اس موقع پر بریگیڈئیر شہزاد احمد قیصر، بریگیڈئیرسعادت سعیدبھٹہ، کمشنرڈیرہ مشتاق جدون نے بھی پودے لگائے۔
خبر کا کوڈ : 363585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش