0
Tuesday 18 Mar 2014 01:23

ڈیرہ اسماعیل خان، چوتھی سالانہ سرائیکی کانفرنس 23مارچ کو منعقد ہوگی، ظہور دھریجہ

ڈیرہ اسماعیل خان، چوتھی سالانہ سرائیکی کانفرنس 23مارچ کو منعقد ہوگی، ظہور دھریجہ
اسلام ٹائمز۔ سرائیکستان فیسٹیول 2014ء کے سلسلے میں سرائیکستان عوامی اتحا اور دوسری سرائیکی جماعتوں کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان میں چوتھی سالانہ سرائیکی کانفرنس 23مارچ 2014ء منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں پورے سرائیکی وسیب سے سرائیکی رہنما ادیب شاعر دانشور فنکار گلوکار اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔ کرنل عبدالجبار خان عباسی، خواجہ غلام فرید کوریجہ، پروفیسر شوکت مغل، رانا محمد فراز نون، عاشق بزدار، صوفی تاج گوپانگ اور دوسرے رہنما ایک دن پہلے پہنچیں گے۔ سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ اور ''سرائیکی لوک پارٹی'' کے ظفر درانی نے کہا کہ 23 مارچ کو صبح دریائے سندھ کو پھولوں کا خراج پیش کرنے کے ساتھ تقریبات کا آغاز ہو جائے گا اور صبح سے شام تک تقریبات جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا دریائے سندھ کو پھول پیش کرنے کی رسم صدیوں پرانی ہے اور اسے ہم سرائیکی میں ''پھل کیر'' کہتے ہیں۔ اس رسم کا مقصد دریائے سندھ کے ساتھ عقیدت و اظہار محبت کے ساتھ ساتھ سندھی بھائیوں اور دریائے سندھ کے بحیرہ عرب میں گرنے کے بعد سرائیکی قوم کی طرف سے پورے جہان کیلئے امن اور محبت کا پیغام بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدیوں سے ہونیوالی اس رسم کو ہم نے گزشتہ چار سال سے سرائیکی کانفرنس، سرائیکی مشاعرے، سرائیکی میوزیکل اور دوسرے ثقافتی پروگراموں کی شکل دیدی ہے۔ یہ تقریبات ڈیرہ اسماعیل خان میں دریائے سندھ کے کنارے صبح سے شام تک جاری رہتی ہیں اس موقع پر سرائیکی مصنوعات کے ساتھ سرائیکی فوڈز اور مٹھائیوں کے بازار بھی سجتے ہیں۔ ظہور دھریجہ نے کہا کانفرنس کی خاص اور اہم بات یہ ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلط کی گئی دہشت گردی کے باوجود 23 مارچ اور 9 نومبر کی تقریبات کو ہم نے کبھی مس نہیں کیا کہ یہ سرائیکی وسیب اور سرائیکی قومی شناخت کی بقا کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی خطے پر ہر طرف سے آباد کاری کی یلغار ہے اور رانا وزیرستان کے باعث ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور دوسرے سرائیکی علاقوں پر سخت دبائو ہے اس لیے ہم اپنے سرائیکی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ سرائیکی وسیب کے تمام علاقوں اور شہروں سے دوستوں کو لیکر ہم اپنے ڈیرے کے بھائیوں کے ساتھ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 362892
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش