0
Monday 24 Mar 2014 08:44

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی مجلس شوریٰ کا اجلاس، الیکشن عمل سے لاتعلقی کا اعلان

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی مجلس شوریٰ کا اجلاس، الیکشن عمل سے لاتعلقی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی جموں و کشمیر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے مکمل لاتعلق رہتے ہوئے حسبِ سابق ان انتخابات سے کنارہ کشی کی اختیار کردہ پالیسی پر عمل پیرا ہوگی اور انتخابی عمل میں براہ راست یا بالواسطہ کوئی حصہ نہیں لے گی، جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی کے مطابق جماعت کی مرکزی مجلس شوریٰ کا یک روزہ معمول کا اجلاس امیر جماعت محمد عبداللہ وانی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تنظیمی معاملات کے علاوہ موجودہ عالمی و مقامی صورت حال پر بھی سیر حاصل غور و خوض ہوا اور اُمت مسلمہ کی موجودہ زبوں حالی کے اسباب پر بحث و تمحیص ہوئی، اجلاس میں اتفاق رائے سے مندرجہ ذیل قرار دادیں پاس ہوئیں، اجلاس میں طے پایا کہ جماعت آئندہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے مکمل لاتعلق رہتے ہوئے حسبِ سابق ان انتخابات سے کنارہ کشی کی اختیار کردہ پالیسی پر عمل پیرا ہوگی اور انتخابی عمل میں براہ راست یا بالواسطہ کوئی حصہ نہیں لے گی، ایک قرارداد میں کہا گیا کہ جماعت اسلامی، مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اُجاگر کرتے ہوئے اپنے اس دیرینہ مؤقف کا اعادہ کرتی ہے کہ جب تک یہ انسانی مسئلہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقیقی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا تب تک جنوبی ایشیا کے اس خطے میں امن و امان کا قیام محال ہے۔

جماعت اسلامی کا زور دار مطالبہ ہے کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے اور اگر ان قرار دادوں کو عملانے میں کوئی حقیقی رکاوٹ موجود ہو تو اس صورت میں سہ فریقی مذاکرات کے انعقاد سے اس مسئلے کا ایک ایسا منصفانہ حل تلاش کیا جائے جو جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کا حقیقی ترجمان ہو۔ جماعت نے جملہ مسلمانوں کو فروعی اختلافات سے بالاتر ہوکر، دین اسلام کی بنیادوں پر متحد ہونے کی اپیل کی تاکہ ریاست میں بسنے والے تمام انسانوں کو اسلام کے پیش کردہ نظام رحمت سے روشناس کرانے کی خاطر مؤثر کاوشوں کا منظم آغاز کیا جاسکے نیز اس نظام رحمت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے الزامات و اتہامات کا توڑ کیا جا سکے اور انسانیت کی حقیقی بھلائی و بہبودی پر مبنی اسلامی تعلیمات سے عوام الناس کو روشناس کرایا جاسکے۔ بیان کے مطابق جماعت نے مقامی معروف دینی تنظیموں کے تعاون سے’’مجلس اتحاد ملت جموں و کشمیر‘‘ کے نام سے ایک فورم پہلے ہی قائم کیا ہے جو اتحاد ملت کے لیے سرگرمی سے کوشاں ہے اور جماعت اس اتحاد کو مزید مستحکم بنانے میں کوئی لمحہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 365064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش