0
Saturday 11 Sep 2010 14:52

عالم اسلام کا سب سے فوری اور ضروری مسئلہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہے،سید علی خامنہ ای

عالم اسلام کا  سب سے فوری اور ضروری مسئلہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہے،سید علی خامنہ ای

تہران:اسلام ٹائمز-جمعہ کو تہران میں عیدالفطر کی نماز اسلامی انقلاب کے قائد حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی۔رہبر معظم انقلاب اسلامی نے نماز عید کے خطبوں میں امت مسلمہ اور ایران کی عظيم قوم کو عید سعید فطر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور رمضان المبارک کے درک وحصول کو بہت بڑی نعمت قرار دیا اور سب کو رمضان المبارک کے معنوی اور گران بہا ذخیروں کی حفاظت اور اللہ تعالی کی اس عظیم نعمت کی قدر و قیمت پہچاننے کی سفارش کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے نماز عید سعید فطر کے خطبے کے ایک حصہ میں پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کو عالم اسلام کا سب سے فوری اور ضروری مسئلہ قرار دیا اور اس تباہ کن سیلاب میں پاکستانی عوام کے درد و رنج اور غم پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور فرمایا کہ پاکستان کی غیور،مومن اور مسلمان قوم جو جھان اسلام کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے،وہ اس وقت شمال سے جنوب تک ویران گر سیلاب کی لپیٹ میں ہے،اور اس سیلاب کی وجہ سے دو کروڑ سے زیادہ ہمارے مسلمان بھائی اپنے گھربار،مال مویشی،زمینیوں اور فصلوں کی ویرانی کے بعد زندگی کی ابتدائی ضروریات کے بغیر ٹینٹوں اور خیموں میں زندگی گزارے پر مجبور ہیں اور بعض لوگوں کو ابھی سر چھپانے کی جگہ بھی میسر نہیں ہے،اور وہ اس مصیبت کی گھڑی میں اپنے مسلمان بھائیوں کی امداد کے لئے چشم براہ ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر نے تمام مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس حساس اور نازک موقع پر پاکستان کی مؤمن اور مصیبت زدہ قوم کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے ایرانی عوام اور حکومت کی امداد کو ناکافی قرار دیتے ہوئے فرمایا:ایران کی حکومت اور عوام،دیگر مسلمان حکومتیں اور اقوام،اسلامی ادارے،منجملہ اسلامی کانفرنس تنظیم اور دنیا کے تمام مسلمان مصیبت کی اس گھڑی میں اپنی بھرپور طاقت اور ہمت کے ساتھ پاکستانی حکومت اور پاکستانی قوم کی مدد کے لئے عملی اور مؤثر قدم اٹھائیں اور سیلاب سے متاثر پاکستانی بھائیوں کی مختلف ضرورتوں کو پورا کرنے کے اسباب و وسائل فراہم کریں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے بعض سامراجی طاقتوں اور فرصت طلب افراد کی کوششوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے فرمایا:بعض طاقتیں سیلاب زدگان کی مدد کی آٰڑ میں پاکستان کو اپنی فوجی چھاؤنی میں تبدیل کرنا چاہتی ہیں،ہمیں امید ہے کہ پاکستانی حکومت اور وہاں کے غیور اور مومن مسلمان عوام اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے ان طاقتوں کو ہرگز یہ اجازت نہیں دیں گے اور اپنی بلند ہمت اور کوشش کے ساتھ اس مشکل اور دشوار حالت سے سرخرو ہو کر  نکلیں گے۔

خبر کا کوڈ : 36820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش