0
Tuesday 6 May 2014 05:09

پولیو کا پھیلاؤ، پاکستان پر عالمی سفری پابندیوں کی سفارش

پولیو کا پھیلاؤ، پاکستان پر عالمی سفری پابندیوں کی سفارش
اسلام ٹائمز۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو صحتِ عامہ کے لیے عالمی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے پاکستان سمیت شام اور کیمرون پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پیر کے روز جنیوا میں جاری کی گئیں ہدایات کے مطابق ان ممالک سے بیرونِ ملک سفر کرنے والے افراد پر سفر سے کم از کم چار ہفتے اور زیادہ سے زیادہ ایک برس قبل انسدادِ پولیو کی ویکسین پینا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ ہنگامی حالات میں سفر کرنے والوں کو بھی یہ ویکسین پینا ہوگی۔ ان ہدایات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان ممالک کے مسافروں کو ویکسین پینے کا تصدیقی سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کرنا ہوگا۔

ڈبلیو ایچ او کی جانب سے پاکستان پر سفری پابندی عائد کرنے کے اعلان پر رد عمل طاہر کرتے ہوئے پاکستان کی وفاقی وزیر مملکت برائے ہیلتھ ریگولیشنز سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ انہوں نے آئندہ بدھ کو تمام وفاقی اور صوبائی صحت کے محکموں کے حکام کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او پورے پاکستان کے بجائے صرف ان علاقوں کے لوگوں کے لیے یہ پابندی عائد کرتا جو پولیو سے متاثرہ ہیں تو بہتر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندی تین ماہ کے لئے ہے اور اس دوران وہ کوشش کریں گی کہ اس پابندی کو ختم کرا لیا جائے۔ پولیو کے خاتمے کے لئے اپنی حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے سائرہ افضل نے کہا، 'سول ملٹری کوآرڈینیشن بہتر کرائی ہے۔ پرائم منسٹر صاحب نے خود براہ راست ڈی جی ملٹری آپریشنز کو کہا ہے جی ایچ کیو میں بات ہوئی ہے اور وہ جو علاقے ہیں ان کو قابل رسائی بنانا ہے اور انشاء اللہ اسی طرح کام ہو گا۔ اس کے بعد ہم نے یہ کیا ہے کہ صوبوں کی حدود پر بھی ٹرانزٹ پوائنٹس کو مضبوط کر رہے ہیں، مستقل ٹرانزٹ پوائنٹس میں اضافہ کر رہے ہیں، تو یہ ساری چیزیں ہیں جو ہم اپنی طرف سے کر رہے ہیں۔‘
خبر کا کوڈ : 379575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش