0
Wednesday 7 May 2014 19:19

فلسطین اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے ہر وقت تیار ہیں، علامہ امین شہیدی / حامد سعید کاظمی

فلسطین اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے ہر وقت تیار ہیں، علامہ امین شہیدی / حامد سعید کاظمی
اسلام ٹائمز۔ سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولانا حامد سعید کاظمی اور اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے رکن اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے حق کی واپسی کا ہر صورت دفاع کریں گے، فلسطین اور قبلہ اول کی بازیابی کے لئے ہر وقت تیار ہیں، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی سے ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیا۔ ا س موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے محمد یاسر اور دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا حامد سعید کاظمی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے حمایت دراصل ظالموں اور مظلوموں کے درمیان فرق کی واضح لکیر ہے، عالمی سامراجی قوتیں فلسطین پر اسرائیلی غاصبانی تسلط کا خاتمہ نہیں چاہتیں اسی لئے اسرائیل جیسے خونخوار درندے کو خطے میں معصوم انسانون کا خون چوسنے کے لئے بے لگام چھوڑ رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب دنیا بھر سے مظلوم فلسطینی اپنے وطن کی جانب رواں دواں ہوں گے اور اسرائیل کا وجود صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔

ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے حوالے سے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یقین دہانی کرواتے ہیں کہ فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع کی خاطر صف اول میں رہیں گے اور خصوصاً فلسطینیوں کے حق واپسی کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا۔ اس موقع پر مولانا حامد سعید کاظمی اور علامہ امین شہیدی نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہئیے کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لئے اقوام متحدہ اور دیگر اداروں میں اپنا کردار ادا کرے اور فلسطینیوں کی رائے کا حترام کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کی حمایت فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق کی جائے۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ترجمان صابر کربلائی نے مولانا حامد سعید کاظمی اور علامہ امین شہیدی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مئی میں جاری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی مہم ’’ یوم نکبہ ‘‘ ’’ یوم واپسی فلسطین ‘‘ کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے مختلف پروگراموں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ واضح رہے کہ سنہ 1948ء میں 15 مئی کو غاصب اسرائیل نے سات لاکھ سے زائد مظلوم اور نہتے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے گھر کر دیا تھا اور جبری طور پر فلسطین کے باشندوں کو فلسطین سے جلا وطن کر دیا گیا تھا، تاہم اس روز کو فلسطینی بہت بڑی مصیبت اور تباہی کا دن قرار دیتے ہیں اور اس دن کو ’’ یوم نکبہ ‘‘ کہا جاتا ہے یعنی مصیبت اور تباہی کا بد ترین دن۔
خبر کا کوڈ : 380177
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش