0
Sunday 18 May 2014 09:26

کراچی، بنارس کالونی میں یومیہ 60 لاکھ گیلن پانی کی چوری پکڑی گئی

کراچی، بنارس کالونی میں یومیہ 60 لاکھ گیلن پانی کی چوری پکڑی گئی
اسلام ٹائمز۔ سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے بنارس کالونی میں پانی چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 3 پمپنگ اسٹیشن مسمار اور کئی کنکشن منقطع کرکے 60 لاکھ گیلن یومیہ پانی کی چوری روک دی جسی سے شہر کے مختلف علاقوں میں فراہمی آب کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نجم عالم صدیقی چیف انجینئر انور سعید سپرنٹنڈنگ انجینئر واٹر ٹرنک مین آصف قادری نے اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار شاہانی اور تھانہ سائٹ اے کے ایس ایچ او اور پولیس کی نفری کے ساتھ بنارس کے علاقے پٹھان کالونی میں غیر قانونی پمپنگ اسٹیشنوں اور پانی چوروں کے خلاف کارروائی کی، اس موقع پر واٹر بورڈ کے عملے نے 3پمپنگ اسٹیشن مسمار کر دیئے۔

غیر قانونی پمپنگ اسٹیشنوں کیلئے واٹر بورڈ کی مین لائینوں سے 12,6,4 انچ کے غیر قانونی کنکشن حاصل کئے گئے تھے۔ پمپنگ اسٹیشن مالکان واٹر بورڈ کی لائنوں سے پانی چوری کرکے عوام کو مہنگے داموں غیر قانونی طور پر فروخت کر رہے تھے۔ یہ پمپنگ اسٹیشن سرفراز، فراز اور علی شیر نامی افراد چلا رہے تھے جبکہ اس کے علاوہ واٹر بورڈ کے عملے نے پانی کے مزید 9 غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیئے اور 3000 فٹ سے زائد لوہے کا پائپ قبضہ میں لے لیا۔ کراچی واٹر بورڈ کی اس کارروائی سے 60لاکھ گیلن یومیہ پانی کی چوری روک دی گئی، اب یہ پانی پاک کالونی، شیر شاہ، بلدیہ، ہارون آباد، پرانا گولیمار سمیت دیگر علاقوں کے عوام کو فراہم کیا جائے گا، واٹر بورڈ کے اس اقدام سے علاقے میں پانی کی فراہمی کی صورتحال مزید بہتر ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں عوام نے اس کارروائی کو بے حد سراہا اور ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 383730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش