0
Monday 19 May 2014 14:18

الطاف حسین اور گورنر سندھ کے درمیان پیدا ہونے والی دوریاں ختم

الطاف حسین اور گورنر سندھ کے درمیان پیدا ہونے والی دوریاں ختم
اسلام ٹائمز۔ اعلیٰ ترین حکومتی شخصیات کے رابطوں کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے درمیان بعض امور پر جو دوریاں پیدا ہوگئی تھیں، وہ ختم ہوگئی ہیں اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان بدستور اپنے عہدے پر فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گزشتہ دنوں میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعض امور کے حوالے سے دکھ کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وہ دبئی روانہ ہوسکتے ہیں اور ایم کیو ایم کی قیادت ان سے استعفیٰ طلب کرسکتی ہے۔
 
گزشتہ شب اس معاملے پر وفاق اور مقتدر حلقے فوری طور پر ایم کیو ایم کی اعلیٰ ترین قیادت سے رابطے میں آگئے اور ان رابطوں میں ایم کیو ایم اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے درمیان بعض امور پر جو خلیج پیدا ہوئی تھی اس کو بھی مشاورت سے دور کرلیا گیا۔ دریں اثناء گورنرسندھ کے ترجمان نے ڈاکٹر عشرت العباد سے استعفیٰ طلب کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عشرت العباد گورنر ہیں اور رہیں گے۔ وہ بدستور کراچی میں موجود ہیں اور معمولات زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے دفتری امور جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے کراچی سیکرٹریٹ نے بھی گورنر سندھ عشرت العباد سے استعفیٰ طلب کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عشرت العباد سندھ کے گورنر ہیں اور رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 384044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش