0
Monday 19 May 2014 18:53

توہین اہلبیت، اے آر وائی، مبشر لقمان، ندا یاسر و دیگر کو نوٹس

توہین اہلبیت، اے آر وائی، مبشر لقمان، ندا یاسر و دیگر کو نوٹس
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین اہلبیت پر اے آر وائی کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست پر نجی ٹی وی چینل کے چیف ایگزیکٹو، اینکرپرسن مبشر لقمان، مارننگ شوز کی میزبان ندا یاسر اور شائستہ لودھی سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے شہداء فاونڈیشن کی جانب سے توہین اہلبیت (ع) پر اے آر وائی کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست کی سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار طارق اسد ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ صرف جیو کے خلاف محاذ آرائی کے لئے معاملے کو اچھالا جا رہا ہے، یہی اقدام دیگر چینلز پر بھی ہوا ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ مبشر لقمان سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی مسلسل کردار کشی کر رہے ہیں۔ جسٹس نورالحق قریشی نے کہا کہ آپ یہ بات کہہ کر عدالت سے جذباتی فیصلہ نہیں لے سکتے، عدلیہ پر کوئی بات آئے تو تب بھی وہ آنکھیں، کان بند کر کہ فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا میں بھی یہ معاملہ چل رہا ہے آپ وہاں جا کر شکایت درج کیوں نہیں کراتے۔

طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ قوالی کے شاعر اور گانے والا دونوں اصل فساد کی جڑ ہیں جس پر جسٹس نور الحق قریشی نے کہا کہ پیمرا کو کیسے ہدایت دیں کہ شاعر کو الٹا لٹکا دو۔ عدالت نے اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو، مبشر لقمان اور ندا یاسر سمیت، اسلامی نظریاتی کونسل اور چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے فریقین شائستہ لودھی، سیکرٹری اطلاعات، چیئرمین پیمرا کو بھی نوٹس جاری کیے۔ اس کے علاوہ عدالت نے معروف قوال امجد صابری سمیت قوالی کے شاعر عقیل محسن نقوی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
خبر کا کوڈ : 384182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش