0
Sunday 25 May 2014 21:47

کراچی بیدار ہو رہا ہے، حالات بہت جلد بدل جائیں گے، لیاقت بلوچ

کراچی بیدار ہو رہا ہے، حالات بہت جلد بدل جائیں گے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پارلیمنٹ، قومی قیادت، کشمیری عوام اور جدوجہد کرنے والی قیادت کو بائی پاس کر کے بھارت جا رہے ہیں، بغیر کسی قومی ایجنڈا اور قومی ترجیحات پر اتفاق رائے کے خارجہ اور سفارتی محاذ پر اقدامات لاحاصل اور پوری قوم کو کنفیوژن کا شکار کرتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم کے حلف کی تقریب میں کسی اہم اور سنجیدہ ایجنڈا پر گفتگو ممکن ہی نہیں جبکہ بھارت میں انتخابات پاکستان دشمنی اور کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دے کر ہڑپ کرنے کے نعرہ پر لڑے گئے۔ پاکستان میں مسلمہ کشمیر پالیسی کی بحالی اور قومی اتفاق رائے سے قومی ترجیحات مقرر کر کے اندرونی محاذ پر امن پیدا کرنا وقت کا بڑا چیلنج ہے۔

لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداروں سے گفتگو میں کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فقید المثال استقبال اور لاہور و اسلام آباد کے شاندار عوامی استقبال مظلوم عوام کی محبتوں اور لگن کا اعلان ہے۔ کراچی منی پاکستان ہے کراچی کا امن پورے ملک کو مطلوب ہے۔ روزانہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور لاقانونیت کی وارداتیں عوام کو خون کے آنسو رلا دیتی ہیں۔ کراچی بیدار ہو رہا ہے۔ کراچی کے عوام اہل، دیانت قیادت دار اور اسلام کے نظام محبت و انصاف کے ذریعے ضرور امن حاصل کریں گے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحاد امت ملت اسلامیہ کے لیے ناگزیر ہے۔ اسلامی ممالک کے دفاعی، معاشی اور روحانی مرکز اس وقت دشمن کے حملوں کی زد میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حساس ترین مراکز کو سب سے بڑا خطرہ اندرونی اور بیرونی سازشوں سے ہے۔ افغانستان، عراق، مصر، لبنان، بنگلہ دیش، بحرین، یمن اور پاکستان میں مسلمان کو مسلمان کے خون کا پیاسا بنادیا گیا ہے۔ دشمن فرقہ پرستی کو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ مشکل ترین اور بدترین حالات میں اتحاد امت کی آواز بلند ہونا معجزہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل تمام مسالک کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے ہم اتحاد کی طاقت سے فرقہ واریت اور تعصبات و نفرتوں کی آگ کو ٹھنڈا کر دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 386211
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش