0
Tuesday 27 May 2014 09:48

نواز شریف کے دورہ بھارت سے خطے کی مجموعی صورتحال پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے، سردار یعقوب

نواز شریف کے دورہ بھارت سے خطے کی مجموعی صورتحال پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کے دورہ بھارت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے اپنے بھارتی ہم منصب کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام اور خطے کی مجموعی صورتحال پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔ توقع ہے کہ دونوں رہنماء زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جراتمندانہ اقدام اٹھانے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزراء اعظم کو اپنے اپنے عوام کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے۔ اگر یہ مل کر مسئلہ کشمیر پر عوامی خواہشات اور کشمیر قوم کیلئے قابل قبول حل تلاش نہ کر سکے تو پھر کسی آئندہ حکومت کیلئے یہ ممکن نہ ہو سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ 

سردار یعقوب نے کہا کہ کشمیری قوم توقع رکھتی ہے کہ بھارت کے حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر کو 67سال تک حل طلب رکھ کر یہ جان لیا ہو گا کہ طاقت کے بل بوتے پر اس مسئلے کو ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتحب بھارتی وزیراعظم نے جس طرح پاکستانی ہم نصب کو اپنی حلف برداری میں شرکت کی دعوت دے کر جراتمندی کا مظاہر کیا، امید کی جا سکتی ہے کہ وہ برصغیر میں پائیدار امن و ترقی میں واحد رکاوٹ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے قرارداروں اور مسلمہ جمہوری اصولوں کے مطابق حل کرنے کیلئے بھی اس طرح کی جراتمندی کا مظاہرہ کریں کے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں بعض انتہاپسند قوتیں ان کے راستے میں رکاوٹ ضرور پیدا کریں گی لیکن امید ہے کہ وہ اپنی عوامی مقبولیت کے بل بوتے پر ان رکاوٹوں کو عبور لیں گے۔ انہوں نے کہا اگرچہ بھارتی وزیراعظم ایک مسلم مخالف رہنما کے طور پر مشہور ہیں لیکن اتنے بڑے منصب پر پہنچ کر اس داغ کو مٹانے کی کوشش ضرور کریں گے۔ صدر آزادکشمیر نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور ان سے پاکستان بھارت کشیدگی کے خاتمے کیلئے مثبت توقعات کا اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ : 386646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش