0
Thursday 30 Sep 2010 15:19

فوج زرداری اور ان کے قریبی ساتھیوں کو ہٹانے کیلئے دباﺅ ڈال رہی ہے،نیویارک ٹائمز،خواہ کچھ بھی ہو عہدہ نہیں چھوڑوں گا،صدر کا اصرار

فوج زرداری اور ان کے قریبی ساتھیوں کو ہٹانے کیلئے دباﺅ ڈال رہی ہے،نیویارک ٹائمز،خواہ کچھ بھی ہو عہدہ نہیں چھوڑوں گا،صدر کا اصرار
نیویارک:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق پاک فوج حکومت میں زبردست تطہیر،تبدیلی اور بالآخر صدر زرداری اور ان کے قریبی حلیفوں کو عہدوں سے ہٹانے کیلئے دباﺅ ڈال رہی ہے۔نیویارک ٹائمز نے پاکستانی فوجی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ فوج سیلاب کی صورتحال سے نبٹنے میں حکومت کی ناکامی اور معیشت کی زبوں حالی پر ناراض ہے۔ 
اخبار کے نمائندے جین ہرمیز کی طرف سے اخبار کو بھیجے گئے مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کے بعد حکومت کی کارکردگی اور غیر ملکی ڈونرز کے اعلانات پر حکومتی انحصار نے فوج اور سویلین لیڈروں کے درمیان کشیدگی کو عیاں کر دیا ہے۔اخبار کے مطابق امریکی حکام کا بھی کہنا ہے کہ وہ صدر زرداری سے مایوس ہو رہے ہیں،جو بقول اخبار انتہائی غیر مقبول صدر ہیں اور بےنظیر کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی ہمدردی کی لہر کے باعث صدر منتخب ہو گئے تھے۔ اخبار نے دعویٰ کیا کہ پیر کو صدر،وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں جنرل کیانی نے حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے حوالے سے صدر اور وزیراعظم سے کئی امور پر شدید اختلاف رائے کا اظہار کیا۔ جنرل کیانی نے مطالبہ کیا کہ ساٹھ رکنی بھاری بھر کم کابینہ سے کم از کم کچھ وزیروں کو فارغ کیا جائے،جن میں کئی ایک پر کرپشن کے الزامات ہیں۔
اخبار نے صدر کے ایک قریبی سرکاری عہدیدار،جو اس ملاقات میں ہونے والی گفتگو کی تفصیلات سے بھی باخبر ہیں،کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملاقات میں صدر نے واضح کر دیا کہ وہ عہدہ نہیں چھوڑیں گے،خواہ کچھ بھی ہو جائے۔اخبار کا کہنا ہے کہ جنرل کیانی ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔اخبار کے مطابق پاک فوج سیلاب کے دوران بیڈ گورننس اور خراب ہوتی ہوئی معیشت سے سخت نالاں ہے۔فوج حکومتی عہدےداروں کی تبدیلی حتیٰ کہ صدر آصف علی زرداری اور ان کے قریبی ساتھیوں کو ہٹانے کے لئے بھی دباو ڈال رہی ہے۔اخبار کے مطابق ماضی کی طرح فوج اقتدار پر قبضہ نہیں کرنا چاہتی۔
دعویٰ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے حکومتی نااہلی اور کرپشن پر شدید تنقید کی۔صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں عہدہ نہیں چھوڑیں گے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق سیلاب کے دوران جب صدر آصف علی زرداری فرانس میں پرآسائش محل کی سیر کر رہے تھے تو وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے لئے لندن کے لگژری سٹور ہیرڈز سے سامان آ رہا تھا۔ اخبار نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے سول اور فوجی قیادت کے سامنے جب یہ انکشاف کیا کہ حکومت کے پاس صرف دو ماہ کی تنخواہیں دینے کی رقم ہے،تو بھی عسکری قیادت نے حکومتی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ 
دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ امریکی چیتھڑے اخباروں پر توجہ نہ دیا کریں،بلکہ ان کو پھاڑ کر ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا کریں۔قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی کو لے کر آگے چل رہے ہیں،ملک میں پچھلے اڑھائی سال کی نسبت اب حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 38762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش