0
Sunday 8 Jun 2014 23:53

موجودہ بجٹ پاکستان کی معیشت پر سب سے بڑا ڈاکہ ہے، اسد عمر

موجودہ بجٹ پاکستان کی معیشت پر سب سے بڑا ڈاکہ ہے، اسد عمر
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ موجودہ بجٹ پاکستان کی معیشت پر سب سے بڑا ڈاکہ ہے، جبکہ ایک سال کے دوران ملکی تاریخ میں سب سے کم ترین سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال مئی کے مہینے میں افراط زر 5.2 فیصد تھا، جو 60 فیصد بڑھ کر 8.2 فیصد ہوگیا جب کہ حکومت نے گروتھ ریٹ ٹارگٹ 4.4 رکھا تھا جسے وہ حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی سمجھ بوجھ رکھنے والے افراد جانتے ہیں کہ قوم سے جھوٹ بولا جا رہا ہے، اگر کوئی بھارتی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرے گا تو اسے 20 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا اور اگر کوئی پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے تو اس پر 33 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے، دنیا کے کسی ملک میں اس طرح نہیں ہوتا، حکومت امیر کو امیر تر اور غریب اور متوسط طبقے کو اندھیروں میں دھکیلنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ 
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک سال کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جبکہ گذشتہ حکومت میں بھی سرمایہ کاری کی شرح 3.8 فیصد سے کم نہیں ہوئی، موجودہ حکومت نے عوام پر نئے ٹیکس لگاتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں 78 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران وزیراعلٰی شہباز شریف نے کہا تھا کہ ملک میں 500 ارب روپے ٹیکس چوری کی نذر ہو رہے ہیں لیکن حکومت نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے عوام پر نت نئے ٹیکس لگا دیئے جبکہ ایک سال کے دوران ٹیکس چوروں سے صرف 10 کروڑ روپے وصول کئے گئے۔ اسد عمر نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا کہ حکومت نے اسٹیل مل کی 200 ایکٹر زمین پرائیوٹ کمپنی کو دے دی، جس میں قطر اور چین کی سرمایہ کاری ہے جبکہ وہ زمین جو 50 لاکھ روپے فی ایکٹر کے حساب سے فروخت ہونا تھی، اسے 25 لاکھ فی ایکٹر میں لیز پر دیا گیا، حکومت بتائے کہ قومی خزانے کو بے دردی سے کیوں لوٹا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 390289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش