0
Sunday 15 Jun 2014 21:24

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا، خواجہ محمد آصف

دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیگا، خواجہ محمد آصف
اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں شروع کیا جانے والا فوجی آپریشن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے یا ہتھیار ڈالنے تک جاری رہے گا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ حکومت نے مذاکرات کے ذریعے ملک میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن دہشت گردوں کی جانب سے معصوم شہریوں اور قومی اثاثوں پر حملوں نے مایوس کیا لہذا اب شہریوں اور قومی اثاثوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، پوری قوم مکمل طور پر افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور اللہ تعالٰی کے فضل و کرم سے یہ آپریشن بہت جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا اور پاک فوج کو فتح حاصل ہوگی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن سے وہاں کے لوگوں کو مشکلات پیش آئیں گی، جب تک آپریشن اپنے انجام تک نہیں پہنچتا حکومت شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لئے انتظامات کرے گی اور جیسے ہی وہ علاقہ دہشت گردوں سے پاک ہوگا تو لوگوں کو واپس ان کے علاقوں میں بسایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ردعمل میں دہشت گرد شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کریں گے، جس کے لئے صوبائی حکومتیں مکمل طور پر تیار ہیں، لیکن جب آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا تو قوم دہشت گردی سے ہمیشہ کے لئے محفوظ ہوجائے گی۔ اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف سوچ سمجھ کر آپریشن کا فیصلہ کیا ہے جو منطقی انجام تک جاری رہے گا۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مذاکرات کے تقدس کو پامال کیا گیا، لٰہذا فوجی آپریشن کا فیصلہ قومی خواہشات کا مظہر اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے اسکول، مساجد، بازار غیر محفوظ ہوچکے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سوچ سمجھ کر آپریشن کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ کن جنگ کی ابتداء ہوچکی ہے، جس کے مثبت نتائج حاصل ہونگے۔ پاک فوج دشمنوں کا مقابلہ بہادری سے کرے گی اور منطقی انجام تک آپریشن جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 392218
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش