0
Wednesday 18 Jun 2014 09:35

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے منہاج القرآن کے 6 کارکنان کی نماز جنازہ رات گئے ادا کر دی گئی۔ منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں 2 خواتین سمیت 6 افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں صفدر علی، محمد عمر، محمد اقبال، عاصم، تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی نماز جنازہ ادا کی گئی، نماز جنازہ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے صاحبزادے حسن محی الدین نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وزیراعظم چودھری پرویز الہٰی اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید سمیت جاں بحق افراد کے رشتہ داروں اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد میتوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔

دوسری جانب طاہر القادری نے سانحے کی تحقیقات کے لئے بنائے جانے والے کمیشن کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے خون کا بدلہ انقلاب سے لانا چاہتا ہوں، 23 جون کو ہر صورت پاکستان آؤں گا جس کے بعد اتحادیوں کے مشورے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ تحریک منہاج القرآن سیکریٹریٹ اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کے معاملے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 80 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 392988
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش