0
Saturday 28 Jun 2014 14:15

تاجر برادری کا وزیراعظم نواز شریف سے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

تاجر برادری کا وزیراعظم نواز شریف سے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ تاجر برادری نے کراچی شہر میں امن و امان کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق تاجروں نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں 15 یوم بعد احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرنے کی دھمکی دے دی ہے اور اس حوالے سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو ایک خط ارسال کیا گیا ہے جس میں انھیں 2 اہم مطالبات پیش کیے گئے ہیں کہ وہ کراچی میں امن و امان کی سنگین صورتحال پر قابو پانے کیلئے شہر میں فی الفور فوج کو تعینات کریں، پری پیڈ موبائل سموں کو فی الفور بند کرکے باقاعدہ تصدیق کے بعد متعلقہ کسٹمرز کو ان کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر دیئے گئے پتوں پر ارسال کیا جائے، جرائم پیشہ عناصر پری پیڈ سموں کے ذریعے ہی اغوا برائے تاوان، دہشت گردی اور بھتوں میں استعمال کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف کو بھیجے گئے مکتوب میں کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی میں درج پتوں کا بھی باقاعدہ سروے کرنے کا اعلان کرے، کراچی میں بالخصوص تمام کچی آبادیوں میں اچانک سروے کرکے وہاں رہائش پذیر افراد کے شناختی کارڈ چیک کرکے اس بات سے آگاہی حاصل کی جائے کہ شناختی کارڈ کا حامل شخص درج پتے پر ہی رہائش پذیر ہے یا ملک کے دیگر حصے کا رہائشی ہے، اس سروے کی بدولت حکومت کو حقائق سے آگاہی ہو سکے گی، اندرون ملک سے آکر کراچی میں رہائش اختیار کرنے والوں کے قومی شناختی کارڈز میں عارضی پتوں کا اندراج ممکن ہو سکے گا۔ ذرائع کے مطابق کراچی چیمبر نے وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ فی الوقت شہر کے 7 صنعت کار اغواء کاروں کے پاس ہیں جن کی فوری بازیابی کیلئے ٹھوس بنیادوں پر ہنگامی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔

بھجیے گئے مکتوب میں مزید کہا گیا کہ کراچی میں جاری آپریشن کے باوجود تاجر برادری میں عدم تحفظ کا احساس روز بروز بڑھ رہا ہے، تاجر برادری کو بھتے کی دھمکیوں کا بدستور سامنا ہے، اغواء برائے تاوان کی وارداتیں شدت اختیار کر رہی ہیں، پولیس اور رینجرز جرائم پیشہ عناصر کی آماج گاہوں پر براہ راست ہاتھ ڈالنے سے گریزاں ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم بھی شدت اختیار کر گئے ہیں جس سے عام شہریوں کی زندگی بھی اجیرن ہے، تاجروں اور عوام کا کہنا ہے کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے روز پیش کئے جانے والے نت نئے اعداد و شمار درجنوں کے حساب سے گرفتاریوں کے باوجود شہر میں امن قائم نہیں ہو سکا ہے اور رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی شہر میں اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کی ایک شدید لہر اٹھ گئی ہے جس سے نمٹنے کے لئے فوج کی تعیناتی ناگزیر ہے۔
خبر کا کوڈ : 395775
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش