0
Saturday 28 Jun 2014 22:35

رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ پیر ۳۰ جون کو ہو گا

رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ پیر ۳۰ جون کو ہو گا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، لہذا پہلا روزہ پیر 30 جون کو ہو گا۔ کراچی میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی میں شامل علمائے دین سمیت محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔ دوران اجلاس ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کی صحیح شہادت موصول نہیں ہوئی۔
 
ماہرین موسمیات کے مطابق چاند کی عمرمغرب تک 30 گھنٹے 45 منٹ اور نظر آنے کا دورانیہ 41 منٹ تھا۔ جبکہ ماہرین موسمیات کا دعوی ہے کہ چاند کی عمر ۲۰ گھنٹے سے زیادہ ہو تو اسکے نظر آنے کے قوی امکانات ہوتے ہیں۔ جبکہ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں پہلا روزہ (یکم رمضان المبارک 1435 ہجری) پیر 30 جون کو ہو گا۔ 

دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکوٰۃ، اوقاف اور مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ زونل کمیٹیوں کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق کرنا چاہیٔے۔ اخباری ذرائع کے مطابق ہفتے کو حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ زونل کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لے کر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔ 

حاجی حبیب الرحمان نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے بھی یہ درخواست کی کہ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان کرنے سے قبل زونل کمیٹی کی شہادتوں کا انتظار کیا جائے، صوبائی حکومت نے مقامی کمیٹیوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ روزہ رکھنے سے متعلق حتمی اعلان کا احترام کریں اور اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کریں کہ ملک بھر میں روزہ ایک ہی دن رکھا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 395930
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش