اسلام ٹائمز۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی حملے کرنے والے دہشتگردوں کی نشاندہی پر ڈیڑھ کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر راؤ انوار کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کی نشاندہی پر ڈیڑھ کروڑ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ نشاندہی کرنے والے کا نام بھی صغیہ راز میں رکھا جائے گا۔ راؤ انوار نے بتایا کہ پولیس نے عینی شاہد کی مدد سے حملے میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور سم دینے والے دہشت گرد کا خاکہ بھی تیار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے بھی تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 8 جون کی شب دہشت گردوں کے حملے میں 28 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور فورسز کی کارروائی میں 10 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے جبکہ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان اور ازبک اسلامی موومنٹ نامی تنظیم نے قبول کی تھی۔