0
Sunday 13 Jul 2014 13:37

بھارتی انتہا پسند جماعتیں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ماحول کو ساز گار بنائیں، سردار یعقوب

بھارتی انتہا پسند جماعتیں مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ماحول کو ساز گار بنائیں، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ بھارتی انتہاء پسند جماعتیں ہوش کے ناخن لیں ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے ماحول کو سازگار بنائیں۔ بھارت یک طرفہ طور پر سیزفائر لائن پر نگرانی کے لیے تعینات اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفاتر بند نہیں کرا سکتا۔ اگر بھارت نے یک طرفہ طور پر کسی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو اقوام متحدہ اس کے خلاف یک طرفہ کاروائی کرے۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر صدارتی مشیر راجہ ساجد کے ہمراہ میڈیا کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ ان کا دورہ جاپان انتہائی کامیاب رہا جس میں انہیں جاپان کے منتخب عوامی نمائندوں، بین الاقوامی این جی اوز اور عالمی امن کے لیے کام کرنے والے اداروں، رضا کاروں سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ میری ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر سرفہرست تھا۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول اور دہشت گردی کے خلاف جنگ، آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ سمیت دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کے منتخب عوامی نمائندے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ اس وقت جاپان عالمی سطح پر امن کا علمبردار ہے۔ میں نے وہاں ملاقاتوں میں جاپان کے عوامی نمائندوں پر زور ڈالا کہ وہ بھارت کو پرامن طور پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے زور ڈالیں۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کی آزاد کشمیر میں قبضے اور پورے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ترجمان 1947ء میں خالی ہاتھوں ڈوگرہ و بھارتی فوج کو بھگا کر اس خطے کو آزاد کروانے والوں کی تاریخ سے آگاہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگر مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کیا تو آزاد کشمیر کے عوام اپنے آباؤ اجداد کی تاریخ کو دہراتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کروانے کے لیے عمل جنگ میں کود پڑیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے بھارتی انتہاء پسند جماعتیں ہوش کے ناخن لیں ہٹ دھرمی چھوڑ دیں اور مسئلہ کشمیر کو پرامن حل کے لیے ماحول کو ساز گار بنائیں۔ صدر آزاد کشمیر نے سیزفائر لائن پر نگرانی کے لیے تعینات اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفاتر بند کرنے کے حوالے سے کہا کہ بھارت یک طرفہ طور پر ایسا نہیں کر سکتا۔ اگر بھارت نے یک طرفہ طور پر کسی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا تو اقوام متحدہ اس کے خلاف یک طرفہ کاروائی کرے۔
خبر کا کوڈ : 399182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش