0
Wednesday 16 Jul 2014 13:32
امن قائم ہوگا، ملک بھر سے اسلحہ ختم کرکے دم لینگے

14 اگست کو ملک میں افراتفری کی اجازت نہیں دی جائیگی، نواز شریف

14 اگست کو ملک میں افراتفری کی اجازت نہیں دی جائیگی، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ 14 اگست کو ملک میں افراتفری کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، مسائل ورثے میں ملے، تاہم آئندہ 4 سال میں ملک میں خوشحالی لے کر آئیں گے۔ چکوال میں مندرہ چکوال اور سوہاوہ چکوال سڑکوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ استعفٰی دینے کی باتیں کرنے والے آج ہم سے استعفٰی مانگ رہے ہیں۔ اللہ نے چاہا تو چار سال بعد ملک میں خوشحالی ہی خوشحالی ہوگی۔ وزیر اعظم نے چکوال آمد کے بعد مندرہ چکوال اور سوہاوہ چکوال سڑکوں پر تعمیراتی کام کا افتتاح کیا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں چکوال کے عوام کی اس سے بھی زیادہ خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ چکوال میں ایک ارب روپے کی لاگت سے شمالی بائی پاس بھی بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ابھی صرف ایک سال ہوا ہے، آئندہ چار سالوں میں خوشحالی آئے گی، ملکی تاریخ میں سنجیدگی سے توانائی بحران حل کرنے کے لئے کام ہو رہا ہے، پچھلی دو حکومتوں نے بجلی بحران کے خاتمے کے لیئے کچھ نہیں کیا جبکہ ہم کوئلے اور پانی سے سستی بجلی بنانے کے چھبیس منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ، سندھ اور پنجاب میں بجلی کے منصوبے شروع ہوچکے ہیں۔ ملکی اداروں کو درست کرنے کے لئے وقت درکار ہے۔ موڈیز نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے ریٹنگ میں اضافہ کیا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے اسلحہ ختم کرکے دم لینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن قائم ہوگا۔ امن و امان کے حوالے سے اپنے کراچی کے دوروں کا بھی حوالہ دیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے سوال کیا کہ ماضی کی حکومتوں کو ریلوے کی بہتری کا خیال کیوں نہیں آیا۔ انہوں نے کسانوں کے حوالے سے کہا کہ کسان خوش حال ہوں گے تو ملک خوش حال ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 399777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش