0
Monday 18 Aug 2014 09:48

طاہر القادری کا مسئلہ کشمیر سے کوئی تعلق نہیں، چوہدری عبدالمجید

طاہر القادری کا مسئلہ کشمیر سے کوئی تعلق نہیں، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری کی طرف سے گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کے مطالبہ کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری کا مسئلہ کشمیر سے کوئی تعلق نہیں۔ تہذیبی، تاریخی اور جغرافیائی طور پر گلگت بلتستان ریاست جموں و کشمیر کا حصہ ہے جس کو کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔ طاہر القادری اپنا بیان واپس لیں ورنہ کشمیری عوام اور سیاسی جماعتیں ان کے خلاف شدید احتجاج کریں گی۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز ایوان وزیراعظم میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی، ڈائریکٹراطلاعات راجہ اظہر اقبال اور میڈیا ایڈوائزرشوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔ 

انھوں نے کہا کہ طاہر القادری کو کبھی مسئلہ کشمیر اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں کوئی بات کرنے کی توفیق نہیں ہوئی اور اب کشمیریوں کا حق خودارادیت کا معاملہ خراب کرنے کے لیے انھوں نے اپنا مطالبہ کر دیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق 84 ہزار مربع میل رقبہ پر مشتمل ریاست جموں و کشمیر کےعوام کو اپنے حق خودارادیت کا استعمال کر کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی مسئلے کے ساتھ ساتھ آئینی مسئلہ بھی ہے۔ وزیراعظم نے کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل کے کنوینئر عبدالرشید ترابی سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر کونسل کا اجلاس بلا کر طاہر القادری کے بیان کی مذمت کریں اور ان سے یہ بیان واپس لینے کا مطالبہ کریں۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ لاکھوں کشمیری بھارت کے خلاف اپنے حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ کسی بھی شخص کو اپنا کیس خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ایک سوال پر وزیراعظ٘م نے کہا کہ مسلح افواج دہشت گردی اور دشمن کے خلاف لڑ رہی ہیں اور انھیں اپنے نیک مقصد میں ضرور کامیابی ملے گی۔ پاکستانی اور کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے قوم اور سیاسی جماعتوں کی قیادت پر زور دیا کہ وہ ملکی ترقی، سلامتی اور دفاع کے لیے ایک ہو جائیں۔
خبر کا کوڈ : 405310
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش