0
Sunday 17 Aug 2014 12:07

آزادی کی منزل قریب ہے نوجوان متحرک کردار ادا کریں، امان اللہ

آزادی کی منزل قریب ہے نوجوان متحرک کردار ادا کریں، امان اللہ
اسلام ٹائمز۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سپریم ہیڈ امان اللہ خان نے کہا ہے کہ نئی نسل تحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اپنی جدوجہد کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے۔ تحریک آزادی کی باگ دور نئی نسل کو منتقل ہو چکی اور انہیں یقین ہے کہ نوجوان نسل اپنی قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ سرساوہ میں لبریشن فرنٹ کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ ریاست جموں کشمیر کی نئی نسل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ وہ تحریک آزادی کو ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے لیکن ہمیں اپنی منزل حاصل کرنے کے لیے انتھک محنت اور تحریک کے ساتھ مستقل وابستگی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی آزادی کی تحریکوں میں قوم کے جذبے کے ساتھ ساتھ مضبوط تنظیم اور دوراندیش قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے لبریشن فرنٹ کے کارکنان اپنی تنظیمی صفوں کو منظم اور مضبوط کریں۔ انھون نے کہا کہ آزادی کی منزل قریب ہے لیکن اس کے لیے نوجوانوں کو اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چلے ہوئے اور جدید سہولیات سے پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا متحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔ 

اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ انتہائی پیرانہ سالی اور خرابی صحت کے باوجود قائد تحریک امان اللہ خان کی کارکنوں میں موجودگی اور تحریک کے ساتھ وابستگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ ٹھیکیداروں اور مفاد پرستوں کی جماعت نہیں بلکہ کشمیری قوم کی عزت و وقار اور بہتر مستقبل کے لیے جدوجہد کرنے والے سپاہیوں کا قافلہ ہے اس لیے نوجوانوں کو اپنے اور آنے والی نسلوں کے باوقار مستقبل کے لیے لبریشن فرنٹ کے جھنڈے تلے خود کو منظم کرنا ہو گا۔ توقیر گیلانی نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے کارکن آزادی کی تحریک کو آگے بڑھاتے ہوئے آزاد کشمیر سے غربت، پسماندگی، بے روزگاری اور کرپشن کے خاتمے کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 405224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش