0
Tuesday 26 Aug 2014 23:40

ماری پیٹرولیم کمپنی لمٹیڈ سے گیس کی فراہمی کا افتتاح کر دیا گیا

ماری پیٹرولیم کمپنی لمٹیڈ سے گیس کی فراہمی کا افتتاح کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ ماری پیٹرولیم کمپنی لمٹیڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید احمد نے گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ماری پیٹرولیم کمپنی لمٹیڈ کے سینئر عہدیداران و افسران، زرغون گیس فیلڈ میں کام کرنے والے اسٹاف کے علاوہ علاقے کے معتبرین اور قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ جنرل نوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاقی حکومت، سوئی سدرن گیس کمپنی، فرنٹیئر کور اور علاقے کے معتبرین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا جس کی بدولت ہم اس قابل ہوئے کہ ہم گیس فیلڈ سے گیس کی فراہمی شروع کریں پہلی بار بلوچستان سے نکلنے والی گیس بلوچستان کے لوگوں کو دی جا رہی ہے۔ ہم سب نے مل کر اس مشکل کام کو ممکن بنایا ہے۔ ہر ایک نے اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ سب نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرغون گیس فیلڈ سے کوئٹہ تک سوئی سدرن گیس کمپنی لمٹیڈ نے 63 کلومیٹر لمبی گیس پائپ لائن بچھائی ہے اور اس سے یومیہ 20 ایم ایم ایس سی ایف ضروریات پورا کرسکے گی۔ یہ گیس کوئٹہ کے صارفین کے لئے آئندہ پندرہ سالوں کے لئے کافی ہوگی۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی لمٹیڈ علاقے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے 43 ملین روپے خرچ کرچکی ہے جبکہ 47 ملین روپے کمپنی کی جانب سے جاری منصوبوں پر خرچ کرنے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ جس سے بلاشبہ علاقے کے لئے عوام کے طرز زندگی میں نمایاں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ ماڑی پیٹرولیم کمپنی پاکستان بھر میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی 478 کمپنیوں میں سب سے پہلے نمبر پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 406826
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش