0
Wednesday 8 Oct 2014 21:03

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 10 افراد شہید، متعدد زخمی

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، 10 افراد شہید، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ وسعت پسندانہ عزائم اور جنگی جنوں میں مبتلا بھارت کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ چارواہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بعد علاقہ مکینوں نے چالیس دیہات خالی کر دیئے۔ ہرپال سیکٹر پر بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائی میں دو مزید شہری شہید ہونے کے بعد شہداء کی تعداد 10 ہو گئی۔ فائرنگ اور گولہ باری سے 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ پاکستان نے بھارتی گولہ باری پر اقوام متحدہ سے احتجاج کیا ہے۔ کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ ورکنگ باؤنڈری سے ملحقہ علاقوں کی دیہی آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ وسعت پسندانہ عزائم اور جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کو اپنا وطیرہ بنا رکھا ہے۔ چارواہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے بعد علاقہ مکینوں نے 40 دیہات خالی کر دیئے ہیں۔ گذشتہ 7 روز سے کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر بھارتی افواج کی جانب سے بلا جواز فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بھارتی فورسز نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے ہرپال سیکٹر پر فائرنگ کی جس سے سوکھا چک کا شمس اور باجرا گڑھی کا شہری شہید ہو گئے۔ اس سے قبل بھارتی فوجیوں نے عید الاضحٰی کا تقدس پامال کیا اور سیالکوٹ میں چارواہ، بجوات، چپراڑ اور دیگر سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ اس حوالے سے متعدد بار پاک بھارت ڈائریکٹرز جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے اور سیکٹر کمانڈروں کے درمیان ملاقات جیسے چینلز کو استعمال کرنے پر زور بھی دیا گیا تاہم کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر امن کی بحالی کے لئے امن کا راگ الاپنے والے بھارت نے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا۔ عیدالاضحٰی پر بھارتی فوج کی جانب سے ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاکستان نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے جس کے بعد اب فوجی مبصر گروپ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گا۔ بھارتی فورسز نے اس سال 31 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا بنیادی مسئلہ حل ہونا چاہیئے اور یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری بھی ہے۔ وزیراعظم کے اس خطاب کے کچھ ہی دن بعد بھارت پاگل ہو گیا ہے اور اس چند روز کے دوران سرحد پر غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ دوسری جانب صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس جمعہ 10 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں تینوں سروسز چیفس، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف، وزیر دفاع، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات اور وزیر خزانہ شرکت کرینگے۔ اعلٰی سکیورٹی عہدیدار کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری کی صورتحال پر وزیراعظم کو بریفننگ دینگے۔

دیگر ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جنونیت اور ہیجان انگیز طبعیت انتہا کو پہنچ گئی ہے، خود سر اور بدمست ہاتھی کی طرح طاقت کے نشانے میں چور بھارتی فوجیوں نے بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری سے نو معصوم شہریوں کو شہید کردیا۔ سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر گذشتہ کئی روز سے بھارت کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیزی اور جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، چارواہ اور ہرپال سیکٹر پر پاکستان کی حدود میں واقع 3 دیہات پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی چپراڑ سیکٹر میں بھی فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں 2 افراد شہید اور 3 زخمی ہوئے۔ اسی طرح سجیت گڑھ سیکٹر میں بھی شدید فائرنگ کی گئی جہاں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے، بھارتی گولا باری کے باعث 70 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو رہے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد نقل مکانی کرگئے۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے جواب میں پنجاب رینجرز بھی بھرپور انداز میں جواب دے رہی ہے۔ پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈری پر وقفے وقفے سے بلا اشتعال فائرنگ جاری ہے جس کا بھرپور انداز میں جواب دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ 3 روز کے دوران سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے 4 شہری شہید اور 10 زخمی ہوگئے تھے، اس کے علاوہ گولا باری سے 10 مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا، تین روز میں بھارتی جنونی فوجیوں کے ہاتھوں اب تک شہید افراد کی تعداد آٹھ تک جا پہنچی ہے۔
خبر کا کوڈ : 413737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش