0
Saturday 18 Oct 2014 10:52

ملین مارچ تاریخی کامیابی حاصل کرے گا، بیرسٹر سلطان

ملین مارچ تاریخی کامیابی حاصل کرے گا، بیرسٹر سلطان
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ملین مارچ میں آزادکشمیر و مقبوضہ کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور برطانیہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی فیملیز اور بچوں سمیت شرکت کی اپیل کی ہے اور اسی طرح 24 اکتوبر جمعتہ المبارک کو برطانیہ کی تمام مسالک کی مساجد نے ملین مارچ لندن کی کامیابی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے خصوصی دعائیں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح پورے برطانیہ میں کونسلرز اور مئیرز کو بھی لندن ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دیدی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لوٹن میں جلسہ عام خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس برطانیہ کے صدر بشیر رٹوی، لبریشن فرنٹ یورپ کے صدر پروفیسر راجہ ظفر، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء کرنل معروف اور حلقہ چڑہوئی کے رہنماء راجہ مشتاق، مولانا عزیز چشتی، پروفیسر ہزاروی، لوٹن کے مئیر فاروق، ڈپٹی مئیر ملک طاہر، سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی، سابق مشیر چوہدری اخلاق، شوکت فرید، بیگم سمیرا شاہد، کونسلر نسیم ایوب اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

بیرسٹر سلطان نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملین مارچ میں مقبوضہ اور آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور اب ملین مارچ ایک تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گا اس لئے لوگوں کو اب اس میں شریک ہونا چاہیے کیونکہ ایسے مواقع عشروں میں میسر ہوا کرتے ہیں۔ قبل ازیں بیرسٹر سلطان نے پیٹرز برا، وٹفورڈ، بیڈ فورڈ اور دیگر علاقوں میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لندن کے قریب شہروں سے زیادہ سے زیادہ لوگ ملین مارچ میں شریک ہوں ویسے تو اس میں سارے برطانیہ سے ہی لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔  

بیرسٹر سلطان نے سائوتھ ہمپٹن میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر ملین مارچ ایک تاریخ رقم کرے گا اور اس میں لاکھوں افراد شریک ہو کر جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے وہیں بھارت کے انتہاء پسندانہ اور مکروہ چہرے کو  بے نقاب کرنے کی ساتھ ساتھ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے بھارتی جھوٹے دعوے کی قلعی بھی کھول کر رکھ دیں گے اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بیگناہ اور نہتے عوام پر جو جارحیت کی جا رہی ہے اور نہتے لوگوں کوگولہ باری کرکے شہید کیا جا رہا ہے اس پر پوری کی توجہ مبذول کرائی جائی گی۔ ملین مارچ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 415158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش