0
Saturday 11 Oct 2014 10:18

وادی کے عوام انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں، علی گیلانی

وادی کے عوام انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں، علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پورے مقبوضہ علاقے خاص طور پر وادی کشمیر کے عوام انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں اور سیلاب میں ان کا سب کچھ تباہ ہو چکا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے مرکزی ریلیف کمیٹی کے چیئرمین پیر سیف اللہ سے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے تحریک حریت کے عہدے داروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ لوگوں کی مدد کرنا ہمارا دینی فرض ہے اور ہمیں اسے احسن طریقے سے نبھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ متاثرین کی امداد اور بحالی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریلیف کے نام پر لوگوں کو سبز باغ دکھا کر بہلانے کی ناکام کوششیں کی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا پوری دنیا اس بات سے باخبر ہے کہ کشمیریوں کا سب کچھ تباہ ہو چکا ہے اور ریلیف کے نام پر صرف چند ہزار روپے کا اعلان کرنا تباہ حال لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلد از جلد متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کرے تاکہ لوگ اپنے مکان دوبارہ تعمیر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے آئندہ نام نہاد انتخابی ڈھونگ کی فکر کھائے جا رہی ہے جبکہ انسانی حقوق کو کب کا سیلاب برد کیا جا چکا ہے۔ انھوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی متاثرین کو امداد نہیں دی گئی ہے۔

کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی حکومت کی بے حسی کو حیران کن اور انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت نواز سیاست دان کشمیری عوام کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کرکے قدرتی آفت کے موقع پر سیاست سے باز رہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کو سیاست کے قبرستان میں دفن کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر مرکزی ریلیف کمیٹی کے نائب چیئرمین الطاف احمد شاہ کی قیادت میں ایک وفد جس میں امتیاز حیدر، عبدالمجید راتھر اور ظہور احمد بیگ شامل تھے ،نے سویہ بگ، ڈانگر پورہ، کاوسہ، چک، یاری گنڈ کی بستیوں میں جاکر 170خاندانوں میں چاول اور کمبل تقسیم کیے، جبکہ بشیر احمد قریشی، شکیل احمد بٹ، محمد سعید اور رمیض حسین پر مشتمل یک اور وفد نے بنڈنہ کولہ پورہ، کھیلن، نیائینہ اور بٹہ پورہ کے 250 خاندانوں میں چاول اور کمبل تقسیم کیے۔
خبر کا کوڈ : 414085
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش