0
Tuesday 4 Nov 2014 21:11

کوئٹہ، یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

کوئٹہ، یوم عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ میں یومِ عاشور کا ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینی سید آباد علمدار روڈ سے برآمد ہوا۔ اس موقع پر کوئٹہ کی بیس سے زائد مرکزی امام بارگاہوں کے ماتمی جلوسوں نے شرکت کی۔ جلوس کے روٹ پر مختلف مقامات پر سبیل علی اصغر (ع) سمیت دیگر نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا۔ عاشورہ جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس نے کی۔ مرکزی جلوس سے خطاب کے موقع پر صدر بلوچستان شیعہ کانفرنس سید داؤد آغا کا کہنا تھا کہ واہگہ بارڈر پر ہونے والا خودکش حملہ انسانیت و اسلام کے خلاف ہے، جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کسی بھی دہشتگرد گروہ کیخلاف نرم گوشہ رکھنے کی بجائے، حکومت و ریاست کو بھرپور کارروائی کرنا ہوگی۔ کوئٹہ میں گذشتہ دونوں تکفیری تنظیم اہلسنت والجماعت کا میزان چوک پر آکر فرقہ وارانہ اور دہشتگردانہ تقاریر کرکے دھمکیاں دینا، موجودہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ وطن عزیز میں گذشتہ کئی سالوں سے معصوم انسانوں کا بہت سا خون بہہ چکا، لہذا اگر ان کیخلاف اصولی کارروائی نہ کی گئی تو ہماری آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کرینگی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں علمدار روڈ، میزان چوک، پرنس روڈ سے ہوتے ہوئے امام بارگاہ حسینی کلاں میں اختتام پذیر ہوئے۔ دریں اثناء سکیورٹی خدشات کے مدنظر پانچ ہزار سکیورٹی اہلکاروں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ نماز ظہرین باجماعت علامہ ابن الحسن کی امامت میں میزان چوک کوئٹہ پر ادا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 417993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش