0
Monday 3 Nov 2014 20:52

واقعہ کربلا نے حق و باطل میں واضح تفریق کو آشکار کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

واقعہ کربلا نے حق و باطل میں واضح تفریق کو آشکار کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے محرم الحرام یوم عاشورہ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا انسانی تاریخ کا ایک ایسا ناقابل فراموش موڑ ہے، جس نے حق و باطل میں واضح تفریق کو نہ صرف آشکار کیا بلکہ یہ واقعہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مینار نور کی حیثیت رکھتا ہے۔ میدان کربلا میں امام حسین (ع) اور ان کے اہل بیعت (ع) نے طاغوتی قوتوں کا نہ صرف بے جگری سے سامنا کیا، بلکہ انہیں ہمیشہ کے لیے شکست سے دوچار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدالشہداء علیہ السلام کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے اسوہ حسنہ پر پورے صدق دل سے نہ صرف عمل پیرا ہوں، بلکہ اپنے تمام تر فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے ملت واحدہ ہونے کا ثبوت دیں اور اپنے درمیان اتحاد و اتفاق کو فروغ دیکر دہشت گرد عناصر کو ان کے مزموم عزائم میں ناکام بنا دیں۔ شہداء کربلا کی عظیم قربانی ہمیں ایثار، صبر و تحمل، برداشت اور امن کا درس دیتی ہے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج کے دن کی اہمیت اور تقدس کو اجاگر کرنے کے لیے علماء کرام اپنی تقاریر اور خطبات میں اتحاد بین المسلمین کا درس دیں گے، تاکہ معاشرے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور یکجہتی کی فضاء کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی ہمارے ملک اور تمام قوم کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ہمیں پائیدار امن و سلامتی دے۔
خبر کا کوڈ : 417907
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش