0
Friday 14 Nov 2014 22:02

طاہرالقادری کی گرفتاری کیلئے حکومت کو ہماری لاشوں سے گزرناہوگا، ایم ایس ایم

طاہرالقادری کی گرفتاری کیلئے حکومت کو ہماری لاشوں سے گزرناہوگا، ایم ایس ایم
اسلام ٹائمز۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے درجنوں کارکنوں نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے ڈاکٹر طاہرالقادری سمیت دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف آج نماز جمعہ کے بعد لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بینرز، کتبے اور  پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ڈاکٹر طاہرالقادری کے حق اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت میں جرات ہے تو ڈاکٹر طاہرالقادری کو گرفتار تو دور کی بات ہے انہیں ہاتھ بھی لگا کر دکھا دے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے 14 بے گناہوں کے ملزم تو گرفتار نہیں ہو رہے لیکن جھوٹے مقدمات میں ڈاکٹر طاہر القادری کے وارنٹ جاری کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری 20 نومبر کو وطن واپس آ رہے ہیں اور انہوں نے لاہور میں لینڈ کرنا ہے، لاہور کے حکمرانوں میں جرات و ہمت ہے تو انہیں گرفتار کر کے دکھائیں۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے نے پوری قوم کو بیدار کر دیا ہے اور بالخصوص نوجوان بیدار ہیں اور قوم کی تقدیر سے کھیلنے والوں کے محاسبے کے لئے آمادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم کا ہر کارکن ڈاکٹر طاہرالقادری کےلئے جان دینے کو تیار ہے، پنجاب حکومت نے انہیں گرفتار کرنا ہے تو ایم ایس ایم کے کارکنوں کی لاشوں سے گزرنا ہو گا۔ رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے شیعہ اور سنی متحد ہیں، اور تکفیری دہشت گرد بے نقاب ہو چکے ہیں، اب دہشت گردوں کی سرپرست حکومت کو بھی اپنا اقتدار خطرے میں دکھائی دے رہا ہے یہی وجہ ہے کہ حکمران اپنی دولت دھڑا دھڑ باہر منتقل کر رہے ہیں اور وزیراعظم دوروں کی آڑ میں اپنے سرمائے کو باہر بھیجوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے بعد ان سے پائی پائی کا حساب لیں گے، قوم اب ان غداران وطن کو پہچان چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 419527
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش