0
Thursday 20 Nov 2014 22:31

ملک میں انجکشن کے ذریعے پہلی انسداد پولیو مہم کوئٹہ سے شروع کرنیکا فیصلہ

ملک میں انجکشن کے ذریعے پہلی انسداد پولیو مہم کوئٹہ سے شروع کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ ملک میں انجکشن کے ذریعے پہلی انسداد پولیو مہم کوئٹہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 24 نومبر سے شہر کی 18 یونین کونسلوں میں 7 روزہ خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق حفاظتی ٹیکہ جات توسیعی پروگرام (EPI) اپنے قیام 1978ء سے اب تک بچوں کو موذی امراض سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ٹیکہ جات کی سیکڑوں مہم چلا چکا ہے مگر بدقسمتی سے ابھی تک ویکسی نیشن کی مجموعی کوریج 80 فیصد تک نہیں پہنچی ہے۔ جسکی وجہ سے بچے پولیو اور دیگر مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت حکومت بلوچستان نے فیصلہ کیا ہے کہ معمول کی ای پی آئی کوریج کو بہتر بنانے کے لیے دیگر شراکتی اداروں کے ساتھ ملکر خصوصی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات منایا جا رہا ہے۔ 24 نومبر سے شروع ہونیوالے مہم کے دوران مخصوص علاقوں کے بچوں کو عمر کے لحاظ سے پولیو کے علاوہ خسرہ، ٹی بی سمیت دیگر امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی دی جائے گی۔

تاہم اس ہفتہ کی خصوصیت یہ ہے کہ پہلی دفعہ پاکستان میں پولیو کی انجکشن والی ویکسین دی جائے گی۔ پاکستان میں بلوچستان کو اس مہم میں پہل کرنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ پولیو بیماری کی نئی ویکسین ہے جو انجکشن کے ذریعے دی جائے گی۔ 4 ماہ سے 23 ماہ تک کے تمام بچوں کو پولیو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ جبکہ 5 سال سے کم تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ وفاقی محکمہ صحت نے ایک لاکھ 13 ہزار500 پولیو انجکشن کی کھیپ بلوچستان کو فراہم کردی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق لیڈی ہیلتھ ورکرز اور رضا کاروں کو پولیو انجکشن سے متعلق تربیت دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تربیتی سیشنز میں پولیو کارکنوں اور رضا کاروں کو بتایا گیا ہے کہ چار سے 23 ماہ کے بچوں کو بائیں ران کے گوشت کے اندر پولیو کے 0.5 ملی لیٹر پر مشتمل ٹیکے لگائے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 420597
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش