0
Saturday 22 Nov 2014 19:42

ہمیں امریکہ نہیں، مکہ مکرمہ چاہیے، سراج الحق

ہمیں امریکہ نہیں، مکہ مکرمہ چاہیے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے خواتین کو کسی بھی تحریک کا بنیادی رکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی تحریک خواتین کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ لاہور کے مینار پاکستان گراونڈ میں جاری جماعت اسلامی کے سہہ روزہ اجتماع کے دوسرے دن خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خواتین کے کردار کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں۔ سراج الحق نے خواتین پر مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم خواتین پر ظلم کرنے والوں کو انصاف کےکٹہرے میں لائیں گے۔ جو خواتین پر ظلم کرتا ہے، وہ ملک کے ساتھ ظلم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی حکومت میں بچوں کے لیے میٹرک تک تعلیم مفت ہو گی اور اگر پھر بھی کسی بیٹی کو تعلیم حاصل نہ کرنے دی گئی تو اس کے والد کو سزا دی جائے گی۔ امیر جماعت اسلامی نے خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے اعلان کیا کہ اسلامی حکومت میں خواتین کو بینکوں سے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اجتماع میں مسلمانوں کے ساتھ غیر مسلموں نے بھی شرکت کی کیوں کہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ غیر مسلموں کے حقوق اور جان ومال کی حفاظت لا الہ الا اللہ کے نظام میں ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ غربت کی وجہ سے لوگ خودکشی کر رہے ہیں، لیکن میرا وعدہ ہے کہ اسلامی حکومت میں پانچ بنیادی چیزیں یعنی آٹا، دال، چاول، چینی اور چائے ہر ایک کو سستی قیمت پر ملیں گی۔ انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکا نہیں مکہ مکرمہ چاہیے اور یہ فیصلہ بھی عوام نے کرنا ہے کہ وہ لندن جاتے ہیں یا مدینہ۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم ایسا نظام چاہتے ہیں کہ جس میں عوام سوئے اور حکمران چوکیداری کریں۔ ملک بھر سے کارکنوں کے علاوہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات جماعتِ اسلامی کے اجتماع میں شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 420886
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش