0
Monday 24 Nov 2014 15:10

کراچی بدامنی، ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست دیدی

کراچی بدامنی، ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست دیدی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں امن و امان کی موجودہ صورت حال اور چند روز قبل ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملے کے خلاف سندھ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی درخواست دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد اور ڈپٹی لیڈر خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر ارکان نے سیکریٹری سندھ اسمبلی کے دفتر میں درخواست جمع کرائی، درخواست میں 51 ارکان دستخط موجود ہیں۔ درخواست جمع کرانے کے بعد ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور چند روز قبل اورنگی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے کیمپ پر حملے کے خلاف اجلاس بلانے کی درخواست دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت میں کراچی میں ایم کیو ایم کے 3 ارکان اسمبلی کو شہید کیا گیا، شہر میں روزانہ سیکڑوں موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چھینی جاتی ہیں، ایم کیو ایم پر اس طرح کے حملے ہو رہے ہیں تو عام آدمی کا کیا ہوگا۔ حکومت ایوان میں بڑی بڑی باتیں کرتی ہے، پیپلز پارٹی کے وزراء چین کی بانسری بجا رہے ہیں، حکومت بیان بازی کی بجائے ایوان میں جواب دے۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ کی رکنیت سازی کے سلسلے میں قائم مہم میں کریکر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 421193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش