0
Friday 28 Nov 2014 11:58

بھارت ڈرامے بند کر کے مسئلہ کشمیر کو حل کرے، برجیس طاہر

بھارت ڈرامے بند کر کے مسئلہ کشمیر کو حل کرے، برجیس طاہر
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں ہونے والی گول میز کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے ڈرامے کو مسترد کر دیا ہے۔ بھارت تنازع کے حل کے لیے اقدامات کرے، تمام مراحل میں کشمیریوں کی رائے کو شامل کیا جائے۔ پیش اینڈ کلچر آرگنائزیشن کے زیراہتمام "کشمیر کاز اور مقبوضہ کشمیر میں انتخابات" کے عنوان سے گول میز کانفرنس کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا۔ جس میں مسلم لیگ نواز کے رہنما راجہ ظفرالحق، وفاقی وزیر امور کشمیر برجیس طاہر، پیر محمد ابراہیم شاہ، پیپلز پارٹی کی رہنما روبینہ خالد، جنرل حمید گل، حریت رہنما غلام محمد صفی، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، امان اللہ خان، عبدالحمید بٹ، رفیق بٹ، سردار خالد ابراہیم، راجہ فاروق خان، شاہ غلام قادر اور گلام نبی نوشہری سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔ 

شرکاء نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتے ہوئے اسے تیز کرنے پر زور دیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وورزی کا نوٹس لیا جائے۔ کانفرنس میں چودہ نکات پر مشتمل قرارداد منظور اور لائن آف کنٹرول، ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی بھرپور مذمت کی گئی۔ بین الاقوامی برادری سے اپیل کی گئی کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کےلیے کردار ادا کرے۔ شرکاء کانفرنس نے اپنے خطابات میں کہا کہ بندوق کے زور پر کرائے جانے والے انتخابات رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ 

برجیس طاہر نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بغیر کشمیر کا پرامن حل ممکن نہیں، انتخابی ڈرامے کو کشمیری رد کر چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو فوری طورپر رہا کیا جائے اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھیجا جائے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا۔ کانفرنس سے مشال ملک نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 421859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش