0
Sunday 30 Nov 2014 07:28

ملک کے دستور پر نہیں بلکہ آر ایس ایس کے فلسفہ پر عمل ہورہا ہے، ڈاکٹر منظور عالم

ملک کے دستور پر نہیں بلکہ آر ایس ایس کے فلسفہ پر عمل ہورہا ہے، ڈاکٹر منظور عالم
اسلام ٹائمز۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے ذریعہ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ کی سالگرہ منانے کو لیکر اٹھے تنازعہ پر آل انڈیا ملی کونسل نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد صرف ووٹوں کو پولورائز کرنا اور نفرت کو مزید بڑھانا ہے۔ ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں علی گرھ مسلم یونیورسٹی کا جو کردار رہا ہے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے لیکن بد قسمتی سے فرقہ پرست طاقتیں اس کے اس رول کو مسترد کررہی ہیں نیز ملک کی سب سے بڑی اقلیت کی شناخت اور ان کے شعائر کو ختم کرنے کے درپے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عجیب بات تو یہ ہے کہ ایک طرف تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنے غیر ملکی دوروں میں یہ کہتے نہیں تھکتے ہیں کہ ہندستان کا مسلمان القاعدہ میں شامل نہیں ہوسکتا تو دوسری جانب مسلمانوں کو غصہ دلاکر اکسایا جارہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر منظور عالم نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا حکومت کا ’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ نعرہ اسی طرح عملی تعبیر حاصل کرے گا یا حکومت ان عناصر پر کوئی قدغن لگائے گی۔ حکومت کی خاموشی سے مسلمانوں میں یہ احساس پایا جارہا ہے کہ ملک میں ان کو دوسرے درجے کا شہری بنایا جارہا ہے اور اس کے لیے ملک کے دستور پر نہیں بلکہ آر ایس ایس رہنما گرو گولوالکر کے فلسفہ پر عمل ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے عطیہ دہندگان کی فہرست کافی طویل ہے اس لیے سب کی سالگرہ پر پروگرام کرنا ممکن نہیں ہے البتہ ان کے نام پر سیمینار اور دوسرے مقابلہ جاتی پروگرام اور کھیلوں کا انعقاد کیا جاسکتا ہے جس سے طلباء کی نشو و نما ہو اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع بھی ملے۔ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ بائیں بازو کی فکر سے تعلق رکھتے تھے اور آر ایس ایس جیسے فرقہ پرست ٹولے پر سخت تنقید کرتے تھے۔ ان کے نام پر ان عناصر کی جانب سے سالگرہ منانے پر اصرار ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے خلاف ماحول تیار کرنا ہے تاکہ الیکشن میں ووٹوں کو پولورائز کرکے فائدہ اٹھایا جاسکے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سالگرہ کے نام پر ماحول کو خراب کرنے والوں پر سخت کارروائی کرے تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارگی بنی رہے۔
خبر کا کوڈ : 422160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش