0
Saturday 30 Oct 2010 15:23

صدر سے گیلانی اور کیانی کی ملاقات،ڈکٹیشن قبول نہیں،شمالی وزیرستان آپریشن کا فیصلہ خود کرینگے،آرمی چیف

صدر سے گیلانی اور کیانی کی ملاقات،ڈکٹیشن قبول نہیں،شمالی وزیرستان آپریشن کا فیصلہ خود کرینگے،آرمی چیف
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ملاقات کی،اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔ملاقات میں حال ہی میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹرٹیجک مذاکرات میں کئے گئے فیصلوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ ”نوائے وقت“ کو معتبر ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بریفنگ کے دوران آرمی چیف نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن پاکستان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔اس سلسلے میں کوئی ڈکٹیشن قبول نہیں کی جائے گی۔ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکہ تعاون کے مختلف پہلوں پر صلاح مشورہ کیا گیا۔ملک کی داخلی سکیورٹی کی صورتحال اور دوسرے اہم امور بھی زیر بحث آئے۔ 
ذرائع کے مطابق صدر اور وزیراعظم نے اس موقع پر عزم ظاہر کیا کہ پاکستان ملک کے کسی حصے میں بھی آپریشن کے لئے دباﺅ میں نہیں آئے گا،اگر کسی جگہ آپریشن کی ضرورت محسوس کی گئی تو یہ خود اس کا اپنا فیصلہ ہو گا۔سیلاب متاثرین کی امدا پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں،جنرل کیانی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر اور وزیر اعظم کو اسٹرٹیجک مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر موجودہ سیاسی و اقتصادی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ اسٹرٹیجک مذاکرات میں تمام اہم شعبوں پر بات ہوئی،امریکہ نے پاکستان کی ترقی کے لئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے،عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے۔امریکہ نے پاکستان کےلئے ترجیحی تجارتی پروگرام کی کانگرس سے منظوری کے لئے کوششوں میں تیزی لانے کا عزم کیا ہے،اس پروگرام کے تحت مجوزہ زونز میں تیار کردہ مصنوعات کو امریکہ میں ڈیوٹی فری برآمد کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ امریکہ نے تعمیر نو مواقع زون اور انٹرپرائز فنڈ کے قیام کے لئے کانگرس سے منظوری اور اس حوالے سے قانون سازی کے لئے اپنی کوششوں میں تیزی لانے کی کوششیں کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مذاکرات میں تمام شعبوں میں تعان بڑھانے پر زور دیا گیا۔پاکستان کی امداد کے کئی پہلو ہیں،13 سیکٹرز پر گفتگو جاری ہے،جو آگے بڑھ رہی ہے۔امریکہ ملک میں انرجی،پانی،زراعت،ڈیری ڈویلپمنٹ، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائے گا اور مزید امداد دے گا۔ 
ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا اگلا سیشن اسلام آباد میں ہو گا۔اسٹرٹیجک مذاکرات سے دونوں ممالک میں تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔امریکہ ہمارے سکیورٹی خدشات کو سمجھ گیا ہے ہم اپنے مفاد کو سامنے رکھ کر ہر کام کریں گے،ہم نہیں چاہتے کہ ہماری سرزمین عوام اور کسی دوسرے کے خلاف استعمال ہو۔پاکستان نے کئی سال بعد کشمیر پر اپنی پوزیشن واضح کی۔پاکستان امریکہ تعلقات میں دو سال میں وسعت آئی ہے،جس کے نتیجے میں امریکہ اپنے ٹیکس ادا کرنے والوں کی رقم سے ہمیں ساڑھے سات ارب ڈالر کی ملٹی ایڈ دے رہا ہے۔
 صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے چیف آف سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور وزیر خارجہ شاہ محمود کو امریکہ سے کامیاب مذاکرات پر مبارکباد دی صدر اور وزیراعظم نے تیسرے دور کے پاکستان امریکہ مذاکرات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان مذاکرات سے دونوں ممالک کے درمیان پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے موقع ملا۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ حالیہ مذاکرات میں انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو ہونے والے نقصان سے امریکی قیادت کو بھرپور انداز میں آگاہ کیا۔سیلاب کی بدترین صورتحال سے پاکستان کی معیشت پر پڑنے والے اثرات سے امریکی قیادت کو آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے صدر اور وزیراعظم کو بتایا کہ امریکی قیادت نے پاکستان کو ممکنہ امداد کا یقین دلایا ہے۔دریں اثناء وزیر قانون بابر اعوان نے بھی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور صدر کو قانونی،سیاسی اور ملکی امور پر بریفنگ دی۔

خبر کا کوڈ : 42249
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش