0
Thursday 1 Jan 2015 16:25

سیپ اساتذہ کے مسائل جلد حل کیے جائینگے، شیر جہاں میر

سیپ اساتذہ کے مسائل جلد حل کیے جائینگے، شیر جہاں میر
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلٰی گلگت بلتستان شیر جہاں میر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور گلگت بلتستا ن کو دہشت گردی کے واقعات سے محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں شفاف انتخابات کا انعقاد کرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات اور صوبے میں نامکمل منصوبوں کی تعمیر یقینی بنانا نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے وزیراعلٰی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعلٰی نے کہا کہ شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے کمپیو ٹرائزڈ الیکٹرولر لسٹوں کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائینگے تمام سیاسی جماعتوں
کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے مساوی ماحول فراہم کیا جائیگا۔ نگران کابینہ غیر جانبدار، دیانتدار اور قابل وزراء پر مشتمل ہوگی۔

نگران وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ دنیا میں وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم کے میدان میں ترقی کرتے ہیں صوبے کے دور دراز علاقوں میں علم کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کو یقینی بنائینگے۔ ماضی میں گلگت بلتستان میں حصول علم میں بہت سے مسائل در پیش تھے لیکن سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے حصول علم میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔ نگران حکومت گلگت بلتستان میں صحت اور تعلیم کے سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیگی۔ نگران وزیراعلٰی گلگت بلتستان شیر جہان میر نے سیپ سکول اساتذہ کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیپ سکول اساتذہ کے مطالبات حل کرنے کیلئے مثبت پیش رفت ہوئی ہے سیپ سکول اساتذہ گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے جو محنت کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ابتدائی طور پر متاثرہ اساتذہ کے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا اور وفاقی وزارت خزانہ فنڈز کو صوبائی محکمہ تعلیم کی سفارشات پر گلگت بلتستان منتقل کریگا تاکہ متاثرہ اساتذہ کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ دھرنے میں بیٹھے خواتین میری بیٹیاں اور بہنیں ہیں انکے مسائل کا احساس ہے سیپ سکول اساتذہ کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے سلسلے میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وفاقی سیکرٹری کشمیر افیئرز کی کوششیں بھی لائق تحسین ہیں۔ بعدازیں نگران وزیراعلٰی نے ٹھیکیداروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں ان کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
خبر کا کوڈ : 429643
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش