0
Sunday 4 Jan 2015 18:38

ایم ڈبلیو ایم نے ملک گیر عید میلاالنبی منایا، ریلیاں اور استقبالیہ کمپس لگائے گئے

ایم ڈبلیو ایم نے ملک گیر عید میلاالنبی منایا، ریلیاں اور استقبالیہ کمپس لگائے گئے
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس سلسلے میں گلگت بلستان اور آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں ریلیوں  میں شرکت کی گئی اور جلوسوں کے راستوں میں استقبالیہ کیمپس لگائے گئے اور عاشقان رسول ﷺ پر گل پاشی کی گئی، ایم ڈبلیو ایم میڈیا سیل سے جاری تفصیلات کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس کے حکم پر ملک بھر میں جشن عید میلاالنبی منایا گیا، علامہ ناصر عباس نے سکھر میں جلوس کی قیادت کی، علامہ امین شہیدی نے راولپنڈی میں جبکہ چاروں صوبائی سیکرٹری جنرل نے صوبائی دارالحکومتوں میں شرکت کی اور اتحاد بین المسلمین کا عظیم الشان مظاہرہ پیش کیا گیا، اسلام آباد کے سیکٹر جی ٹن سے برآمد ہونے والی ریلی میں علامہ اصغر عسکری نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان اسمبلی کے رکن آغا محمد رضا اور شوریٰ عالی کے رکن علامہ ہاشم موسوی نے کوئٹہ میں کندھاری امام بارگاہ سے میزان چوک تک نکالی جانیوالی ریلی کی قیادت کی۔

مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی جانب سے جامع مسجد روڈ پر استقبالیہ کیمپ لگایا اور نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے۔ اس موقع پر تحریک اسلام کے صدر علامہ حیدر علوی سمیت متعد سنی رہنماوں نے کیمپ کا دورہ کیا اور خطابات کیے۔ کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ محمد اصغر عسکری، اسلام آباد ضلع کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی اور ضلع راولپنڈی کی قیادت دن بھر موجود رہی۔ اس موقع پر اتحاد امت کا عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا۔ کیمپ میں دن بھر نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے جس میں نعت خوانوں نے گلائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی اتحاد ہی پاکستان کا اصل چہرہ ہے، آج دشمن دیکھ لے کہ ہم ایک ہیں، شیعہ سنی میں کوئی تفریق نہیں چند مٹھی بھر تکفیری ملک کے امن کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ملٹری کورٹس کے قیام کا خیرمقدم کرتی ہے اور توقع کرتی ہے کہ قومی ایکشن پلان پر جلد عمل کیا جائیگا۔

علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ نام بدل کرکے کام کرنے والی تمام کالعدم جماعتوں کو بین کیا جائے اور ان کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت رسول خدا ﷺ کی ذات مرکز وحدت ہے جس پر پوری امت مسلمہ متحد ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس ہستی کی تعلیمات کو فروغ دیں اور دشمن کی سازشوں کو سمجھیں۔ علامہ حیدر علوی کا کہنا تھا کہ ہم پاک فوج کے ہر اقدام کی تائید کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائیگا۔ نعت خوانی میں حصہ لینے والے نعت خوانوں میں ٹرفیاں تقسیم کی گئیں۔
خبر کا کوڈ : 430287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش