0
Monday 5 Jan 2015 17:30

ڈی آئی خان، ٹارگٹ کلنگ میں کانسٹیبل محمد سلیمان اور سید مجتبٰی شاہ شہید

ڈی آئی خان، ٹارگٹ کلنگ میں کانسٹیبل محمد سلیمان اور سید مجتبٰی شاہ شہید
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کی دو وارداتوں میں ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک سید زادے کو شہید کر دیا گیا ہے۔ تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع الوارث سٹی کے رہائشی اور ملت تشیع سے تعلق رکھنے والے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے اوور سیئرسید مجتبٰی شاہ عرف کمال شاہ ولد غلام محمد شاہ، سکنہ حسینیہ چوک، حال الوارث سٹی نزد بنوں چونگی گھر سے موٹر سائیکل پر سودا سلف خریدنے کیلئے نکلے، تو موٹر سائیکل پر سوار کالعدم سپاہ صحابہ کے دو دہشتگردوں نے پشت سے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کمال شاہ شدید زخمی ہوگئے، موقع پر موجود لوگوں نے ہسپتال پہنچانے کی تگ و دو کی مگر جانبر نہ ہوسکے۔ دہشتگرد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ 

دوسری جانب تھانہ نواب کی حدود میں پولیس کانسٹیبل محمد سلیمان ولد اختو جان قوم بنو خیل سکنہ رحمانی خیل اپنے گھر سے فلائنگ کوچ پر ڈیوٹی کیلئے تھانہ صدر آرہا تھا، کہ کٹہ خیل اور رحمانی خیل کے درمیان میں چار نامعلوم مسلح افراد نے فلائنگ کوچ کو روک کر کانسٹیبل محمد سلیمان کو اتار لیا اور اس پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ قتل، اغوا اور ڈکیتی کے سنگین مقدمات میں مطلوب زمانی گروپ سے ہے۔ نواب پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ اسی طرح کینٹ پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف دہشتگردی اور قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 430513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش