0
Monday 19 Jan 2015 17:42

کراچی میں دہشت گردوں کے دن گنے جا چکے ہیں، غلام قادر تھیبو

کراچی میں دہشت گردوں کے دن گنے جا چکے ہیں، غلام قادر تھیبو
اسلام ٹائمز۔ سٹی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ پولیس پر حملے پولیس کا مورال گرانے کی کوشش ہے تاہم دہشت گردوں کے ہاتھوں پولیس بلیک میل نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادر تھیبو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور پھانسی کی سزاؤں کی وجہ سے دہشت گرد گھبراہٹ کا شکار ہیں۔ مسلسل چھاپوں اور گرفتاریوں سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ کراچی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے منگھوپیر، ملیر اور کنواری کالونی سمیت دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کر دیئے ہیں، اب دہشت گرد اس قابل نہیں کہ کوئی بڑی کارروائی کر سکیں۔ البتہ وہ پولیس کو اکیلا دیکھ کر ان پر حملہ کرتے ہیں۔

سٹی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ پولیس پر حملوں کے بعد کراچی پولیس نے بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ انہوں نے اس بات کا برملا اعتراف کیا کہ پولیس کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی پولیس دہشت گردوں سے مقابلے کیلئے تربیت یافتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کراچی پولیس کے جوانوں کو حملے کر کے شہید کرنے کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے چند ارکان پکڑ لئے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے جبکہ پولیس پر حملہ کرنے والے گروہ کے 2 کارندے پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری کا امن تباہ کرنے والوں کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 433655
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش