0
Saturday 31 Jan 2015 00:19

آرٹیکل 245 کے تحت سندھ کو فوج کے حوالے کرکے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے، ایم ڈبلیو ایم

آرٹیکل 245 کے تحت سندھ کو فوج کے حوالے کرکے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ شکارپور مرکزی جامع مسجد و امام بارگاہ کربلائے معلیٰ لکھی در میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہیں، سانحہ شکارپور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی ناکامی ہے، وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ فوری مستعفیٰ ہونے کا اعلان کریں، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی پر چیف جسٹس آف پاکستان اور وفاقی حکومت صوبہ سندھ کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے حوالے کریں اور دہشتگردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کیا جائے، سندھ بھر میں جامع مساجد و امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی دی جائے، سانحہ شکارپور کے زخمیوں کو فوری بذریعہ ہیلی کاپٹر کراچی منتقل کیا جائے، شکارپور لکھی در امام بارگاہ میں بے گناہ نمازیوں کی شہادت، دہشتگردی کے خلاف 3 روزہ سوگ اور ہفتہ کو سندھ بھر میں پُرامن ہڑتال کا اعلان کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور جامع مسجد و امام بارگاہ کربلائے معلیٰ لکھی در میں خودکش دھماکے میں بے گناہ نمازیوں کی شہادت اور دہشتگردی کے خلاف نمائش چورنگی کراچی میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی دھرنے میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکرٹری جنرل حسن ہاشمی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور، مولانا احسان دانش، مولانا عقیل موسیٰ، علی حسین نقوی، اصغر عباس زیدی، حیدر زیدی، ڈاکٹر مدثر حسین، انجینئر رضا نقوی، حیدر زیدی، ناصر حسینی، آصف صفوی، سجاد اکبر سمیت دیگر شیعہ و سنی رہنماؤں، خواتین سمیت سینکڑوں افراد شریک ہیں۔ احتجاجی دھرنے میں سانحہ شکارپور اور سندھ حکومت کی نا اہلی کے خلاف شدید نعرے بازی جاری ہے۔

احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مختلف رہنماؤں کا کہنا ہے کہ سندھ بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کا راج قائم ہے، جس کی سرپرستی پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کر رہی ہے، کالعدم دہشتگرد جماعتوں کے رہنماﺅں کو سندھ حکومت کی جانب سے مکمل سکیورٹی دی جا رہی ہے، دوسری جانب کراچی اورسمیت سندھ بھر میں روزانہ شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے، مگر سندھ حکومت کی جانب سے تاحال کسی دہشتگرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی کسی کو سزا دی گئی۔ رہنماؤں نے کہا کہ شکارپور میں جامع مسجد و امام بارگاہ کے باہر سکیورٹی کے انتظامات نہ ہونا، سندھ حکومت اور ریاستی اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، واقعہ کے بعد اسپتالوں میں لائے گئے زخمیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سندھ حکومت کے تمام دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں، ناقص انتظامات کے باعث 10 سے زائد نمازیوں نے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی پر چیف جسٹس پاکستان اور و فاقی حکومت صوبہ سندھ کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے حوالے کریں اور دہشتگردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کیا جائے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویثرن کا مرکزی احتجاجی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 436114
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش