0
Thursday 26 Feb 2015 22:40

گلگت، زوبیدہ زینت نے وادی یاسین سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا

گلگت، زوبیدہ زینت نے وادی یاسین سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ ضلع غذر کی سینئر نائب صدر و سابق ممبر ضلع کونسل غذر زوبیدہ زینت نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے آنے والے انتخابات میں حلقہ جی بی 21 غذر 3 یاسین سمال سے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں زوبیدہ زینت نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان پیپلز پارٹی ضلع غذر کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے اور یاسین میں پارٹی کی مضبوطی کے لئے انکی اور انکے خاندان کی بے پناہ قربانیاں ہیں لیکن پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت کی جانب سے ان قربانیوں کے صلے میں انہیں صرف اور صرف محرومیوں اور ناانصافیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت کی جانب سے موسمی پرندوں اور مفاد پرست عناصر کو پیپلز پارٹی میں اہمیت دیئے جانے علاقے میں نہ صرف حقیقی جیالوں میں مایوسی پھیل گئی بلکہ پارٹی کو بھی شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا یہاں تک کہ ضلع غذر اور بالخصوص یاسین سے پیپلز پارٹی کا جنازہ نکلنے کو ہے۔ اس لئے انہوں نے ایک بار پھر پارٹی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے اور پیپلز پارٹی پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے پارٹی پلیٹ فارم سے الیکشن میں بھرپور انداز میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور الیکشن لڑنے کے لئے وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کی مضبوط امیدوار ہیں۔ لیکن اب یہ فیصلہ پارٹی کی اعلٰی قیادت پر ہے کہ وہ الیکشن میں حقیقی جیالوں کو ٹکٹ دیتے ہیں یا پہلے کی طرح موسمی پرندوں اور خاندانی سیاست کے پیداواروں کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یاسین میں اس وقت بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار خاندانی سیاست پر برسرپیکار ہے اور صرف اور صرف ذاتی مفادات کے لئے پیپلز پارٹی کا نام استعمال کر رہے ہیں جس سے یاسین کے باشعور عوام اور پیپلز پارٹی کے حقیقی جیالے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مرکز کی جانب سے گلگت بلتستان کے انتخابات کے حوالے سے قائم کمیٹی الیکشن کے لئے پارٹی ٹکٹ تقسیم کرتے وقت پیپلز پارٹی کے لئے اپنے کارکنوں و رہنماوں کی خدمات کو ضرور مدنظر رکھے گی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے یاسین کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن میں جمہوریت کا ساتھ دیں اور مفاد پرستوں اور خاندانی سیاست کے پیداواروں کو مسترد کریں۔
خبر کا کوڈ : 443507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش