0
Tuesday 7 Jul 2015 12:46

مرکزی آزادی القدس ریلی 22 رمضان بروز جمعہ نمائش تا تبت سینٹر نکالی جائیگی، آئی ایس او

مرکزی آزادی القدس ریلی 22 رمضان بروز جمعہ نمائش تا تبت سینٹر نکالی جائیگی، آئی ایس او
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مرکزی آزادی القدس ریلی ”یوم القدس حمایت مظلومین جہاں“ کے عنوان سے 22 رمضان المبارک بروز جمعہ نمائش تا تبت سینٹر نکالی جائے گی، جبکہ یوم شہادت حضرت امام علی علیہ السلام کے موقع پر کراچی میں مرکزی جلوس کے دوران نماز باجماعت کا اہتمام ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا ؑ کے سامنے کیا جائے گا، یہ اعلان آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس نے کراچی پریس کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جنرل سیکرٹری سید غیور عباس عابدی اور انچارج القدس کمیٹی محمد مہدی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد عباس نے کہا کہ گذشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی کراچی میں یوم علیؑ کے مرکزی جلوس کے شرکاء کیلئے آئی ایس او کے زیر اہتمام نماز باجماعت کا اہتمام ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا ؑ کے سامنے دوپہر ڈیڑھ بجے کیا جائے گا، جبکہ مرکزی جلوس کے دوران امامیہ اسکاوٹس کے پندرہ سو (1500) سے زائد جوان سیکورٹی کے فرائض بھی سرانجام دیں گے۔

محمد عباس نے کہا کہ ہر سال ماہ مبارک رمضان میں حضرت امام خمینیؒ کے فرمان پر عالمیی یوم القدس منایا جاتا ہے، لہٰذا ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان میں آئی ایس او بھرپور انداز میں یوم القدس منا کر تحریک آزادی قدس کو جلا بخشے گی، رواں سال عالمی یوم القدس 22 رمضان المبارک بتاریخ 10 جولائی بروز جمعہ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں آزادی القدس ریلیاں، احتجاجی مظاہرے اور کانفرنسز کی تیاری مکمل کی جا چکی ہے، اسلام آباد، لاہور، سکھر، راولپنڈی، گلگت، بلتستان، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آزادی القدس ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی، جس کا اختتام تبت سینٹر پر ہوگا، جہاں آزادی القدس کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین خطاب کرینگے، ریلی میں شرکت کیلئے مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام، طلبہ تنظیموں کے نمائندگان اور سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کی جا چکی ہیں، جو مرکزی آزادی القدس ریلی میں شریک ہو کر بیت المقدس کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرینگے اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔


صدر آئی ایس او کراچی ڈویژن نے کہا کہ یوم القدس دراصل استعماری و استکباری طاقتوں اور ظالموں کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کا دن ہے، لہذا یوم القدس حمایت مظلومین جہاں کے عنوان سے بھی منایا جاتا ہے، اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان، برما، بھارت اور بحرین میں مسلمانوں کے قتل عام پر ان ظالم حکومتوں اور عراق، شام اور لبنان میں امریکی اسرائیلی پیداوار دہشتگرد گروہ داعش کی قتل و غارت گری کے خلاف بھی آواز کو بلند کرتے ہوئے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ظلم کا شکار انسانیت کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجود مسلمان حکمرانوں کی افسوسناک خاموشی کے باعث آج تک حل نہیں ہو پایا ہے، گذشتہ 67 سالوں سے غیور فلسطینی نوجوان ناصرف اپنی سرزمین کی آزادی کی جنگ ہی لڑر رہے ہیں، بلکہ مسلمانوں کے قبلہ اول اور امت مسلمہ کی عزت و وقار کی بحال کیلئے بھی سربکف ہیں۔ محمد عباس نے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک نے کبھی متحد ہو کر بھی آواز نہیں بلند کی، بلکہ جب بھی فلسطینی مسلمانوں کو ان کی مدد کی ضرورت پڑی، تو انہوں نے اپنے سرحدیں بند کر دیں، اور اسرائیلی درندگی کا ساتھ دیا، جس کے باعث ہر سال ہزاروں مظلوم فلسطینی مسلمان غاصب صیہیونی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نشانہ بنتے ہیں، جبکہ روزانہ کی بنیاد پر غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، جس میں خواتین اور بچوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور میڈیا میں شائع ہونے والے خبریں اس بات کی شاہد ہے کہ اسرائیلی درندہ صفت فوج چھوٹے معصوم بچوں کو بھی گرفتار کرنے سے گریز نہیں کرتیں، لہٰذا ہمارا اقوام متحدہ، او آئی سی اور عرب لیگ سے یہ سوال ہے کہ ان کو کس چیز نے صہیونی اسرائیل کے خلاف اقدامات کرنے سے روکا ہوا ہے، ہمارا مسلمان ممالک کے سربراہان سے یہ سوال ہے کہ کیا ان کو وہ قرآنی آیات یاد نہیں کہ یہود و نصاریٰ کبھی تمھارے دوست نہیں ہو سکتے، کیا وہ فرمان پیغمبر اکرمؐ بھول گئے ہیں کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہے کہ جسم کے کسی ایک حصہ میں تکلیف ہو تو اس کا درد پورا جسم محسوس کرتا ہے، ہم تمام اسلامی ممالک کے سربراہان سے سوال کرتے ہیں کہ وہ کب آزادی فلسطین کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔ محمد عباس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام صحافی برادری عالمی یوم القدس کی بھرپور انداز میں کوریج دے کر پاکستان کے مسلمانوں کے فلسطین، بیت المقدس اور دیگر مظلوم مسلمانوں کیلئے جذبات کو مثبت انداز میں نشر کرینگے، تاکہ مظلوم قوموں کو یہ احساس ہو سکے کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 472063
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش