0
Thursday 23 Jul 2015 10:15

پاکستانی ائرپورٹس پر آمد و خروج کی مہریں برطانیہ عطیہ کرتا ہے

پاکستانی ائرپورٹس پر آمد و خروج کی مہریں برطانیہ عطیہ کرتا ہے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ملک بھر میں ائرپورٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے، انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور امیگریشن قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے بلندوبانگ دعووں کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دور جدید میں بھی وزارت داخلہ ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ائرپورٹس پر ملکی و غیرملکی مسافروں کے پاسپورٹ پر لگائی جانے والی آمد اور اخراج کی مہریں بھی خود بنانے کی استطاعت نہیں رکھتی، یہ مہریں حکومت برطانیہ کی جانب سے وزارت داخلہ کو بطور عطیہ دی جاتی ہیں۔ گزشتہ روز بھی حکومت برطانیہ کی جانب سے 15 ڈبے جن میں یہ مہریں سیل تھیں ایف آئی اے کے سپرد کی گئیں، جن کی پاکستان میں آمد کا 25 لاکھ روپے ٹیکس بھی برطانوی حکومت کی جانب سے ادا کیا گیا۔

باوثوق ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ حکومت برطانیہ نے 2006ء میں بھی یہ مہریں وزارت داخلہ کے ذیلی ادارے (ایف آئی اے ) کو بطور عطیہ عنایت کی تھیں، جو استعمال ہونے کے بعد تقریبا گھس چکی تھیں، تاہم میعاد ختم ہونے کے بعد بھی یہ مہریں ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ائرپورٹس پر استعمال ہو رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے گذشتہ روز 15 باکسز میں سیل 658 مہریں برطانیہ سے آنے والی پرواز کے ذریعے اسلام آباد کے بین الاقوامی ائرپورٹ پہنچیں، جہاں چھوٹے ٹرک کے ذریعے ان 15 بھاری بھرکم باکسز کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز منتقل کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی مہریں خصوصی فیچرز کی حامل ہیں اور ملک کے تمام بین الاقوامی ائرپورٹس پر فراہم کی جائیں گی، ان کا استعمال یکم اگست 2015ء سے شروع ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 475384
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش