0
Tuesday 28 Jul 2015 16:21

ڈی آئی خان، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہفتہ شہدائے پولیس کا آغاز

ڈی آئی خان، ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہفتہ شہدائے پولیس کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ہفتہ شہدائے پولیس منانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جی پی او چوک ڈیرہ اسماعیل خان شہر اور گومل میڈیکل کالج سے متصل شمالی سرکلر روڈز سمیت متعدد مقامات پر کیمپ لگائے گئے ہیں۔ جن میں پولیس کے شہید اہلکاروں کی تصاویر کے ساتھ وزیٹرز بک رکھی گئی ہیں، جن میں شہری، افسران بالا اور عوامی نمائندے پولیس کی قربانیوں سے متعلق اپنے تاثرات درج کر رہے ہیں۔ وزیٹرز بک میں تاثرات درج کرنے والوں میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نثار احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صادق حسین بلوچ، اے ایس پی محمد وسیم ریاض بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر سلیمان لودھی اور دیگر ضلعی افسران کے علاوہ ایم پی اے پہاڑ پور سرکل، سرپرست ڈیرہ یونین آف جرنلسٹ، آواز ڈسٹرکٹ فورم کے صدر، احساس والنٹیئر گروپ ڈیرہ کے صدر، ضلع کونسل ڈیرہ کے ممبر، تحصیل کونسل ڈیرہ کے ممبرز، جے یو آئی کے رہنما، مسلم لیگ نواز کے ضلعی صدر، و دیگر شخصیات شامل ہیں۔ جنہوں نے پولیس شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے ورثاء کے حوصلوں کو داد دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام کے جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے، جبکہ ان کے ورثاء نے انتہائی صبر و ہمت کامظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف شہادتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، بلکہ اپنی جانیں بھی قوم پر قربان کرنے کیلئے ہر وقت تیار رہنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ شہدائے پولیس منانا انتہائی قابل تحسین اقدام ہے۔ اس طرح شہداء کے ورثاء اور پولیس کے جوانوں کو مزید ہمت و طاقت عطا ہو گی اور وہ ملک و قوم کیلئے ڈٹ کر دہشتگردوں کا مقابلہ کر سکیں گے۔ ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پولیس کا وقار اسی طرح بلند کرتے رہیں گے اور ماں دھرتی کی حفاظت کیلئے کوئی لمحہ فروگذاشت نہیں کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 476553
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش